صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال کی بہتری اور دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں۔
صدر مملکت آصف زرداری سے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں بلوچستان میں لاپتا افراد کے معاملے کو بعض لوگوں نے ذریعہ معاش بنایا ہوا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت آصف زرداری کو بلوچستان میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
صدر مملکت سے وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ کی ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف زرداری نے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کی گئی دہشتگردانہ کارروائیوں میں 39 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں بلوچستان میں دہشتگردی قابل مذمت، پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تعاون مزید بڑھانے کے لیے تیار ہیں، چین
بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں مسلح افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 23 مسافروں کو بسوں سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ جبکہ دیگر افراد مختلف حملوں میں مارے گئے۔