بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے 12 رکنی ٹیم کا اعلان، شاہین شاہ آفریدی ڈراپ

جمعرات 29 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا، 12 رکنی قومی ٹیسٹ ٹیم سے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ڈراپ کردیا گیا۔

بنگلہ دیش کے خلاف 12 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسین گلیسپی نے راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان بنگلہ دیش دوسرا ٹیسٹ میچ، پی سی بی کا طلبا کے لیے اسٹیڈیم میں مفت داخلے کا اعلان

انہوں نے بتایا کہ شاہین آفریدی حال ہی میں بچے کے باپ بنے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ عامر جمال فٹنس کلیئر نہیں کرپائے جبکہ ابرار احمد کو 12 رکنی اسکواڈ میں کنڈیشنز کو دیکھ کر شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان اسکواڈ

شان مسعود، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، خرم شہزاد، بابر اعظم، صائم ایوب، میر حمزہ، سعود شکیل، ابرار احمد، محمد علی اور سلمان علی آغا

11 رکنی ٹیم کا فیصلہ کل ہوگا

ہیڈ کوچ جیسین گلیسپی نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ کل سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے حتمی 11 رکنی ٹیم کو فیصلہ کنڈیشنز کو دیکھ کر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو سست اوور ریٹ پر قابو پانا ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، ’میں نے کبھی بھی پاکستانی کھلاڑیوں کو آسٹریلوی کرکٹ اسٹائل اختیار کرنے پر زور دیا، میں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں، ٹیم پلیئر کے طور پر اور مثبت انداز سے کھیلنے کا مشورہ دیتا ہوں، اور مثبت انداز کا یہ مطلب نہیں کہ آپ ہر بال پر چوکا یا چھکا لگائیں، جب ہم مثبت کھیلنے کی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب باڈی لینگویج، انرجی اور مستقل مزاجی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ: بنگلہ دیش سے شکست کے بعد پاکستانی کپتان شان مسعود نے کیا کہا؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے اور انہیں بطور ہیڈ کوچ اپنا کردار ادا کرنے میں خوشی محسوس ہوتی ہے، میں ٹیم کو کہتا ہوں کہ کسی دباؤ کے بغیر مکمل آزادی اور عزم کے ساتھ کھیلیں، لیکن انفرادی طور پر ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری سمجھنی چاہیے اور اس کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست (کل) سے شروع ہوگا، اس سے قبل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp