اٹک: اسکول وین پر فائرنگ کرنے والے ملزمان گرفتار

جمعرات 29 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ضلع اٹک کے علاقے ڈھیری کوٹ کے مقام پر اسکول وین پر فائرنگ کرکے 2 بچیوں کو شہید اور 6 دیگر کو زخمی کرنے والے ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: شناختی کارڈ دیکھ کر لوگوں کو قتل کرنے والے لوگ

اٹک پولیس نے فائرنگ کر کے 2 کم سن بچیوں کو شہید، 5 معصوم بچوں اور ڈرائیور کو زخمی کرنے والے 3 ملزمان اعظم خان ولد محمد صفدر، رحیم خان عرف نومی ولد عظیم خان اور محمد صفدر ولد محمد اسلم کوگرفتارکیا ہے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ 22 اگست کی صبح اس وقت پیش آیا تھا جب اسکول وین کا ڈرائیور افضال عارف بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہا تھا کہ ڈھیری کوٹ کے مقام پر ملزمان نے گاڑی پر اندھا دھند  فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کی وجہ سے گاڑی میں سوار عروہ فاطمہ دختر جمشید خان اور رامین شفیق دختر شفیق احمد جاں بحق ہو گئیں جبکہ دیگر 5 بچے اور ڈرائیور افضال عارف زخمی ہو گیا تھا۔

واقعے میں زخمی ہونے والے ڈرائیور نے پولیس کو بیان دیا کہ سابقہ رنجش میں محمد صفدر ولد محمد اسلم سکنہ ڈھیری چوہان کی ایما پر محمد نعیم وغیرہ نے فائرنگ کی۔

مزید پڑھیے: موسیٰ خیل میں 23 افراد کا لرزہ خیز قتل، عینی شاہد نے کیا دیکھا؟

اس بیان  پر تھانہ صدر اٹک میں مقدمہ درج کیا گیا۔ اس واقعے پر آئی جی پنجاب عثمان  انور نے فوری نوٹس لے کر ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔

ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل خان نے ایس ایچ او صدر اٹک انسپکٹر عابد منیر کے زیر نگرانی خصوصی ٹیم تشکیل دی اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا خصوصی ٹاسک دیا۔

تھانہ صدر اٹک پولیس کی ٹیم نے جدید سائنسی ٹیکنالوجی اور ہیومین انٹیلیجنس کو بروئے کار لاتے ملزمان کو گرفتار کرلیا جنہیں جمعرات کو ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل خان کی پریس کانفرنس کے موقعے پر میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔

مزید پڑھیں: چترال: قتل کے 3 واقعات کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش، پولیس نے لاش کی جگہ وزن کیوں لٹکایا؟

اٹک پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا ریمانڈ جسمانی لے کر مزید تفتیش عمل میں لائی جائے گی جبکہ عدم گرفتار ملزمان محمد نعیم ولد عظیم خان،محمد طارق ولد محمد نواز اور ناصر محمود ولد محمد صفدر کی گرفتاری کا تحرک بھی جاری ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان  کا  پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ ایسی درندگی، وحشت اور سفاکیت کا مظاہرہ کرنے والے غیر انسانی عناصر کو پنپنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp