خیرپور، آسمانی بجلی گرنے سے 40 قیمتی بکریاں ہلاک

جمعہ 30 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے نارا میں بکریوں کے ریوڑ پر آسمانی بجلی گرنے  سے 40 بکریاں  ہلاک ہوگئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، بکریوں کے ریوڑ پر آسمانی  بجلی گرنے کا واقعہ اچھرو تھر کے نواحی گاؤں فقیر محمد بھنبھرو میں پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں: تھرپارکر میں آسمانی بجلی اتنی زیادہ کیوں گرتی ہے؟

بکریوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے سے ان کی گلابی نسل کی 40 بکریاں ہلاک  ہوئی ہیں، جس سے انہیں لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

دوسری جانب، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک بھر میں شدید بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں کیوں اضافہ ہو رہا ہے؟

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں مون سون بارشوں کا ایک اور الرٹ جاری کردیا ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے بھی آئندہ 24 سے 72 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں تیز بارش ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، سندھ، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں بیشترمقامات جبکہ پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موسلا دھار بارشیں، کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ

اس دوران زیریں سندھ، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان، شمال مشرقی و وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیرمیں تیز بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp