بلوچستان حکومت نے بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبے کے 10 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں جن 10 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے، ان میں قلات، زیارت، صحبت پور، لسبیلہ، آواران، کچھی، جعفر آباد، اوستہ محمد، لورالائی اور چاغی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے 11 بچوں سمیت 22 افراد جاں بحق ، 131 مویشی ہلاک
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان حکومت مذکورہ آفت زدہ اضلاع میں ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ان اضلاع میں انسانی امداد کے لیے تاحال کسی سے مدد کی درخواست نہیں کی ہے تاہم سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے بعض پارٹنرز نے تعاون کی پیشکش کی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں متعدد افراد جاں جاں بحق ہوگئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق، بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے دوران درجنوں افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور 11 بچے بھی شامل ہیں، مختلف حادثات میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں مون سون بارشیں جاری، نشیبی علاقے زیرآب، متعدد شاہراہیں بند
بلوچستان میں مون سون بارشوں میں یکم جولائی سے اب تک 5 ہزار 448 ۱فراد متاثر ہوئے ،158 مکانات مکمل منہدم اور 622 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ صوبے میں سیلابی صورتحال سے 102 ایکڑ پر فصلیں اور 35 کلو میٹر سڑکیں متاثر ہوئیں، طوفانی بارشوں کے باعث 7 پلوں کو نقصان پہنچا ، بارشوں کے دوران 131 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔