برازیل میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پابندی عائد، مگر کیوں؟

ہفتہ 31 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برازیل کی حکومت نے عدالتی احکامات پر سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پابندی عائد کردی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق، برازیل کی سپریم کورٹ نے ‘ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) کے مالک ایلون مسک جعلی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا اور اس مقصد کے لیے برازیل میں ’ایکس‘ کا قانونی نمائندہ مقرر کرنے کے احکامات بھی جاری کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی خبریں پھیلانے کا الزام، ایلون مسک دھر لیے گئے

تاہم، ایلون مسک نے جعلی خبروں کے تدارک سے متعلق عدالتی احکامات کو اظہار رائے کی آزادی کے خلاف قرار دیا تھا اور مقررہ وقت میں قانونی نمائندہ مقرر نہیں کیا تھا جس پر عدالت نے ایکس پر پابندی کے احکامات جاری کیے ہیں۔

برازیل کی سپریم کورٹ کے جج ایلگزینڈ موریس نے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن ایجنسی کو حکم جاری کیا ہے کہ فوری طور پر ملک بھر میں ایکس کی سروسز کو مکمل طور پر بند کردیا جائے۔ سپریم کورٹ نے گوگل اور ایپل سمیت انٹرنیٹ پرووائیڈرز کو بھی ایکس ایپلی کیشنز کو روکنے کیلئے ٹیکنالوجیکل رکاوٹیں لگانے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک ’ایکس‘ ڈیٹا کے حوالے سے اہم مقدمہ ہار گئے؟

ایلون مسک نے عدالتی احکامت پر ایکس پر ایک پوسٹ میں اپنے ردعمل میں کہا ہے، ’اظہار رائے کی آزادی جمہوریت کی بنیاد ہے اور برازیل میں ایک غیرمنتخب جج اس بنیاد کو سیاسی مفاد کے لیے تباہ کررہا ہے۔‘

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق، برازیل کی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایلون مسک نے عدالتی احکامت پر عملدرآمد کی حامی بھر لی ہے، تاہم ملک میں اگلے 24 گھنٹے تک ایکس کی سروس بند رہے گی۔

واضح رہے کہ رواں برس برازیل کی سپریم کورٹ کے جج ایلگزینڈ موریس نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ‘ایکس’ کے مالک ایلون مسک کو جعلی خبروں کے پھیلاؤ کے حوالے سے جاری تحقیقات میں شامل کیا تھا اور عدالتی احکامات میں مبینہ رکاوٹ ڈالنے پر ان کے خلاف ایک الگ تفتیش کا حکم بھی دیا تھا۔ برازیل میں سماجی رابطے کے پلٹ فارم ایکس کو 2 کروڑ سے زائد صارفین استعمال کرتے ہیں۔ ایلون مسک رواں ماہ کے آغاز میں ہی برازیل میں اپنے کاروباری معاملات بند کرچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp