بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کی تیسری برسی پر رہنماؤں کا خراجِ عقیدت

اتوار 1 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

’اسلام کی نسبت سے، اسلام کے تعلق سے، ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘ نظریے کے خالق، بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کے انتقال کو 3 برس بیت گئے۔ آج کشمیری قوم عظیم قائد کی کمی کو شدت سے محسوس کر رہی ہے۔ تیسری برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر آج (یکم ستمبر) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے سری نگر کے حیدر پورہ کی طرف مارچ کیا جائے گا۔

کنٹرول لائن کے اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرانے کے لیے احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے قائد حریت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید علی گیلانی صداقت و دیانت کا مظہر تھے، انہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کی۔

مزید پڑھیں: کشمیری عوام سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گھروں سے باہر نکلیں، حریت کانفرنس کی اپیل

سید علی گیلانی کو کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ ایک ایسے ہیرو کے طور پر یاد رکھا جائے گا جو انتہائی جرات اور بہادری سے کشمیریوں کے جائز حق کے لیے لڑتے رہے۔ حریت رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سید علی گیلانی کے مشن کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

یاد رہے کہ سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021 کو سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر دوران نظر بندی انتقال کر گئے تھے جہاں قابض بھارتی انتظامیہ نے انہیں 2010 سے مسلسل نظر بند کر رکھا تھا۔ آئمہ اور علمائے کرام بابائے حریت اور دیگر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے مساجد میں خصوصی دعائیں بھی کرائیں گے۔

سید علی گیلانی دہائیوں تک امید اور مزاحمت کا چراغ بنے رہے، صدر آصف زرداری

صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ حریت رہنما سید علی گیلانی دہائیوں تک امید ،مزاحمت کا چراغ بنے رہے اور بے شمار کشمیریوں کو خود ارادیت کی جدو جہد میں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ دیا، جائز مقصد کے لیے ان کی انتھک محنت اور قربانیاں ہمارے دل و دماغ میں ہمیشہ نقش رہیں گی۔

حریت رہنما کی تیسری برسی کے موقع پر پیغام میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ آج ہم عظیم کشمیری رہنما کی تیسری برسی منا رہے ہیں، ہم غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لیے ان کی جراتمندانہ جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:سید علی گیلانی کی دوسری برسی: کشمیری رہنماؤں کی جانب سے مرحوم کا مشن جاری رکھنے کا عزم

انہوں نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی عظیم رہنما تھے اور جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل تھا۔ قابض بھارتی افواج کی جانب سے نظر بندی اور قید و بند کی صعوبتوں کے باوجود وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے آواز اٹھاتے رہے۔

سید علی گیلانی نے اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کر رکھی تھی، پیر محمد مظہر سعید شاہ

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ قائد حریت سید علی گیلانی عظیم رہنما تھے جنہوں نے اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک فرد نہیں بلکہ تحریک کا نام تھے، ان کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے جدو جہد تاریخ کا سنہری باب ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا ئے گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا سید علی گیلانی کی تیسری برسی پر خراج عقیدت

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کی تیسری برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی بھارتی بربریت کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑے رہے اور کشمیریوں کے جدوجہدِ حقِ خودارادیت کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھا۔

مزید پڑھیں:’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘: سید علی گیلانی کی کمی شدت سے محسوس کی جارہی ہے

انہوں نے کہا کہ آزادی جیسے بنیادی انسانی حقوق کے لیے سید علی گیلانی کی جدوجہد اور غیرمتزلزل عزم موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ رہے گی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ تصفیہ طلب تنازع کشمیر کی وجہ سے پورے خطے کا امن واستحکام اور ترقی خطرے میں ہیں۔

مسئلہ کشمیر کا حل صرف سلامتی کونسل کی قرارداد اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق نکالنے میں ہے۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے کشمیریوں کو ان کی جدوجہد برائے حقِ خودارادیت میں سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp