گوادر میں ممکنہ سمندری طوفان ’اسنیٰ‘ کے اثرات نمودار ہونا شروع ہوگئے ہیں اور سمندری لہروں میں تندوتیزی بھی آگئی ہے۔
ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمان نے مقامی ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے اور کشتیوں کو انجن اور دیگر ماہی گیری آلات سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سمندی طوفان ’اسنیٰ‘ کراچی سے دور ہوگیا، اب فاصلہ کتنا ہوگیا؟
ڈپٹی کمشنر گوادر نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ اتھارٹی نے ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظر کشتیوں کو سمندر سے نکالنے کا عمل شروع کردیا ہے، ہیوی مشینری کی مدد سے ماہی گیر کشتیوں کو سمندر سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گوادر میں ممکنہ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے انتظامات کر لیے گئے ہیں، بارش کی صورت میں ڈی واٹرنگ کے لیے واٹر باؤزر، واٹر پمپس سمیت تمام مطلوبہ مشینری کی دستیابی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کو ایک خطرہ ٹلتے ہی ایک اور طوفان کا سامنا
ڈپٹی کمشنر گوادر حمودالرحمان نے کہا ہے کہ گوادر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت تمام اداروں کو ریسکیو کے لیے ہدایت کردی گئی ہے جبکہ ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں واپس ڈیوٹی پر پہنچنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان اسنیٰ کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے 9واں الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، سمندری طوفان شمال مغربی بحیرہ عرب میں موجود ہے، گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سمندری طوفان جنوب مغرب کی جانب بڑھا، اسنیٰ کراچی کے جنوب مغرب سے 500 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں بارشوں کی تباہ کاریاں، جاں بحق افراد کی تعداد 31 ہوگئی
سمندری طوفان اورماڑہ کے جنوب مغرب سے 350 کلومیٹر جبکہ گوادر کے جنوب سے 260 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے، مسقط عمان سے 430 کلو میٹر مشرق، جنوب مشرق میں موجود سمندری طوفان جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مغرب کی طرف بڑھتا ہوا طوفان سمندر ہی میں کمزور پڑ جانے کی توقع ہے، اس طوفان کے زیراثر آج شام تک وقفے وقفے سے اورماڑہ، پسنی، گوادر، جیوانی اور تربت میں گرج چمک تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا امکان ہے، اس دوران 60 سے 70 کلومیٹر کی رفتار سے ہوا چل سکتی ہے۔
انتظامیہ نے بلوچستان کے ماہی گیروں اور شہریوں کو آج اور کل سمندر کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سندھ کے ماہی گیر آج سے اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔