ایس سی او اجلاس میں شرکت، مودی نے تاحال پاکستان کے دعوت نامے کا جواب نہیں دیا، ترجمان دفتر خارجہ

اتوار 1 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ بھیجا ہے تاہم بھارت کی جانب سے ابھی تک اس پر کوئی جواب نہیں دیا۔

پاکستان اکتوبر میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کے دو روزہ اجلاس کی میزبانی کرے گا کیونکہ اس وقت پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کی کونسل (سی ایچ جی) کی صدارت کر رہا ہے۔ 15 اور 16 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے ممالک کے سربراہان کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت تعلقات اہم ہیں، براہ راست بات چیت کی حمایت کرتے ہیں، امریکا

بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے جموں کشمیر سے متعلق حالیہ بیان کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ اس طرح کے دعوے نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ خطرناک حد تک گمراہ کن ہیں کیونکہ یہ زمینی حقائق کو واضح طور پر نظر انداز کرتے ہیں، پاکستان کشمیر سے متعلق کسی بھی یکطرفہ بیانیے کو مسترد کرتا ہے۔۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جئے شنکر نے جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمبر سے متعلق آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد پاکستان کے ساتھ بلا تعطل مذاکرات کا دور ختم ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں:بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ جموں کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے اس حل طلب تنازع کا حل ناگزیر ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات اس حقیقت کو تبدیل نہیں کرسکتے اور نہ ہی کریں گے۔

اگرچہ پاکستان سفارتکاری اور بات چیت کے لیے پرعزم ہے، لیکن وہ کسی بھی دشمنانہ کارروائی کا غیر متزلزل عزم کے ساتھ جواب دے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کا ویزا دینے سے انکار، پاکستانی اسنوکرز ورلڈ چیمپیئن میں شرکت سے محروم

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں حقیقی امن و استحکام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کے مطابق تصفیے کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے بارے میں اپنے اشتعال انگیز بیانات اور بے بنیاد دعوؤں کو ترک کرے اور اس کے بجائے تنازع جموں کشمیر کے منصفانہ، پرامن اور دیرپا حل اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے بامعنی مذاکرات کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp