راولپنڈی ٹیسٹ: بارش کے باعث پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان چوتھے روز کا کھیل ختم

پیر 2 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز جاری ہے، چوتھے روز کے کھیل کے دوران پاکستان نے بنگلہ دیش کو 185 رنز کا ہدف دیا ہے، قومی ٹیم کے بلے باز دوسری اننگز میں بھی بنگلہ دیشی بلے بازوں کا جم کر سامنا نہیں کرسکے اور 172 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیش نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بغیر کوئی کھلاڑی آؤٹ ہوئے 42 رنز بنا لیے۔ تاہم، بارش کے باعث چوتھے روز کا کھیل ختم کردیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرتے ہوئے ہدف کے تعاقب میں 42 رنز بنا لیے ہیں اور ابھی تک کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا، بنگلہ دیش کی جانب سے ذاکر حسن نے 31 اور شادمان اسلام نے 9 رنز بنائے۔

پاکستانی بلے باز بنگلہ دیشی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے، اوپنر عبداللہ شفیق 3، صائم ایوب 20، خرم شہزاد صفر، کپتان شان مسعود 28 اور بابر اعظم 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔  سعود شکیل نے 2 محمد علی نے صفر، ابرار احمد نے 2، میر حمزہ 4، سلمان علی آغا نے 47 اور محمد رضوان نے 43 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے 5، ناہید رانا نے 4 اور تسکین احمد نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تیسرے روز کے کھیل میں کیا ہوا؟

تیرے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں صرف 9 رنز بنائے اور وکٹیں گنوا دیں، عبداللہ شفیق 3 اور خرم شہزاد صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس وقت پاکستان کو بنگلہ دیش پر 21رنز کی برتری حاصل تھی۔

پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کے 274 رنز کے تعاقب میں 262 رنز ہی بناسکی تھی۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی دوسرا ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم پھر لڑکھڑا گئی، بنگلہ دیش کیخلاف 9 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 کھلاڑیوں کا شکار کیا جب کہ میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس اور مہدی حسن میراز کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹک سکا، دونوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 165 رنز بناکر بنگلادیشی ٹیم کی میچ میں واپسی ممکن بنائی، مہدی 78 رنز اور  لٹن داس 138 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے روز کا کھیل

میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جب کہ دوسرے روز کے اختتام تک بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 10 رنز بنائے تھے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز بارش کی نذر ہوگیا تھا تاہم میچ کے دوسرے روز مہمان بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

واضح رہے راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست کے بعد پاکستان کے پاس 2 میچوں کی سیریز برابر کرنے کے لیے اب صرف 3 دن باقی رہ گئے ہیں جبکہ پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں محض 274 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ہے۔

 

پاکستان کے خلاف 14 ٹیسٹ میچوں میں پہلی بار فتح حاصل کرنے والی بنگلہ دیش کی ٹیم نے فاسٹ بولر تسکین احمد کو ان فٹ شرف اسلام کی جگہ ٹیم میں شامل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: دوسرے پاک بنگلہ ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل بارش کے باعث منسوخ

دوسرے میچ میں پاکستان نے بھی اپنے پلیئنگ الیون میں تبدیلی کی، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام کروایا گیا جبکہ ان کی جگہ ابرار احمد اور میر حمزہ کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا۔

پاکستان کا اسکواڈ:

کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، وکٹ کیپر محمد ضوان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، نسیم شاہ، خرم شہزاد، محمد علی، ابرار احمد اور میر حمزہ شامل ہیں۔

بنگلہ دیش کا اسکواڈ:

کپتان نجم الحسین شانتو، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الاسلام، مشفق الرحیم، لٹن داس، شکیب الحسن، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، حسن محمود اور ناہید رانا

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp