ٹک ٹاک پر ویڈیو پوسٹ کرنا خاتون پولیس کانسٹیبل کو مہنگا پڑگیا

منگل 3 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹک ٹاک پر وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس کراچی ساؤتھ نے اس واقعہ کی ذمہ دار خاتون کانسٹیبل کو معطل کردیا ہے۔

کراچی کے گزری تھانے میں تعینات کانسٹیبل ماریہ گِل کو دوران ڈیوٹی غیر ذمہ دارانہ طور پر ٹک ٹاک پر اپنی ویڈیو پوسٹ کرنے پر معطل کیا گیا ہے، ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے لیڈی کانسٹیبل کو معطل کرنے کے احکامات کرتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا کا استعمال نوجوانوں کو کن بری عادات کی جانب دھکیل رہا ہے؟

متنازع ویڈیو میں پولیس کانسٹیبل ماریہ گِل کو کراچی کی مائی کولاچی کاز وے کے قریب اپنی ڈیوٹی کا بتاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کا کہنا ہے کہ پولیس ایک پروفیشنل ادارہ ہے اس طرح کےغیرذمے دارانہ فعل کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے بغیر اجازت سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کردی ہے، اس ضمن میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے آفس میمورنڈم بھی جاری کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹوئٹر پر فیس بک اور انسٹاگرام کے لنک پوسٹ کرنے پر پابندی

میمورنڈم کے مطابق، سرکاری ملازمین بغیر اجازت میڈیا پلیٹ فارم اور کوئی ایپلی کیشن استعمال نہیں کرسکتے، یہ فیصلہ سرکاری معلومات و دستاویزات افشا ہونے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین گورنمنٹ سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 1964 کی پاسداری کریں، سرکاری ملازم بغیر اجازت سوشل میڈیا پر اظہار رائے یا بیان بازی نہیں کرسکتا، ہدایات کی خلاف ورزی پر سرکاری ملازم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp