الیکشن التوا کیس:سپریم کورٹ کے فیصلے کے اہم نکات کیا ہیں؟

منگل 4 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن التوا کیس میں سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے  میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے 14 مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کا حکم دیدیا ہے۔

عدالت نے ازخود نوٹس کیس پر 3-4 کے فیصلے کا دعویٰ بھی مسترد کردیا۔

   عدالت نے کہا کہ جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس منصور علی شاہ کا یہ کہنا غلط ہے کہ فیصلہ 3-4 سے مسترد ہوچکا ہے اور جسٹس قاضی فائز عیسی نے جو فیصلہ کیا اس کا ہمارے بینچ پر کوئی اثر نہیں۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جو 8 مارچ کو الیکشن شیڈول دیا گیا تھا، دونوں صوبوں میں وہ بحال کیا جاتا ہے۔

الیکشن کی تاریخ بڑھانے کا اختیار الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس نہیں تھا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ الیکشن پروگرام میں تبدیلیاں کی جائیں۔

فیصلے میں انتخابی شیڈول سے متعلق کہا گیا ہے کہ 10 اپریل تک کاغذات نامزدگی جمع کروائے جاسکتے ہیں اور 17 اپریل تک واپس لیے جاسکتے ہیں۔ حتمی لسٹ 19 اپریل تک جاری کی جائے،

اسی طرح 18 اپریل کو نظرثانی شدہ فہرستیں جاری کی جائیں اور ان تمام مراحل کے بعد 20 اپریل کو انتخابی نشان جاری کئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ 22 مارچ کو جب الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا تھا اس میں 8 مارچ کے فیصلے کو منسوخ کردیا تھا۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ اگر وفاقی حکومت اور نگران حکومت نے الیکشن کمیشن کی معاونت نہ کی تو الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کو آگاہ کرے۔

اسی طرح پنجاب کی نگران حکومت، چیف سیکرٹری اور آئی جی کو 10 اپریل تک الیکشن کی سیکیورٹی کا مکمل پلان پیش کرنے کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت کو 10 اپریل تک 21 ارب  روپے جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 10 اپریل کو الیکشن کمیشن فنڈ کی وصولی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائے۔ فنڈز جمع نہ کروانے کی صورت میں عدالت مناسب حکم جاری کرے گی۔

خیبر پختونخوا کے حوالے سے بھی الیکشن کمیشن ایک مکمل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے۔

پنجاب کی نگران حکومت، سیکرٹری اور آئی جی پولیس 10 اپریل تک الیکشن کی سیکیورٹی کا مکمل پلان پیش کرنے کا کہا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے فیصلے میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے اور الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرے۔ اگر حکومت نے الیکشن کمیشن کی معاونت نہ کی تو کمیشن سپریم کورٹ کو آگاہ کرے۔

سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ وفاقی حکومت فوج، رینجرز سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سیکیورٹی فراہم کرے اور اگر احکامات پر کسی نے تعاون نہیں کیا تو الیکشن کمیشن عدالت سے رجوع کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp