بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کی ریلیز ہونے والی نئی فلم ’تو ہے میری کرن‘ کی نمائش میں بڑی رکاوٹ آڑے آگئی کیونکہ اسے کاپی رائٹ کی مبیّنہ خلاف ورزی پر قانونی پریشانی کا سامنا ہے۔
پروڈکشن کمپنی ایڈ لیبز فلم نے ’تو ہے میری کرن‘ کے فلمسازوں پر اپنی فلموں ’کالر‘ جو (2011) میں ریلیز ہوئی تھی اور ’کال‘ جو (2019) میں ریلیز ہوئی تھی کے کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سوناکشی اور ظہیر کی آنے والی فلم ایڈ لیبز کے اصل کاموں سے نمایاں مماثلت رکھتی ہے، جس کے وہ خصوصی حقوق کے مالک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سوناکشی سنہا کو شادی کے صرف 2 ماہ بعد اپنا مہنگا فلیٹ کیوں بیچنا پڑگیا؟
ایڈ لیبز فلم نے فلم ’تو ہے میری کرن‘ کے پروڈیوسر وشال رانا اور ایچیلون پروڈکشنز کے خلاف شکایت درج کروائی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ بالی ووڈ فلم ان کی اصل فلموں کے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کرتی ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں ایڈ لیبز فلم نے ایچیلون پروڈکشنز کو بھی قانونی نوٹس بھیجا تھا اور اب کمپنی نے انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسرز کونسل میں شکایت درج کرکے اس معاملے کو آگے بڑھا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ظہیر خان کی سب سے بُری عادت کیا ہے؟ شادی کے ایک ماہ بعد سوناکشی سنہا نے بتادیا
ان کا مطالبہ ہے کہ ایچیلون پروڈکشنز فوری طور پر فلم کا اسکرپٹ منظرِ عام پر لائے اور کسی بھی تیسرے فریق کے محفوظ جملہ حقوق کی خلاف ورزی بند کرے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’تو ہے میری کرن‘ میں سوناکشی سنہا اپنے شوہر و اداکار ظہیر اقبال کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے اپنی شادی سے قبل فلم کے فائنل شیڈول کو مکمل کرلیا تھا اور پھر ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا تھا لیکن اب اس فلم کو قانونی رکاوٹ کا سامنا ہے۔