وفاقی اور صوبائی حکومتی ادارے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے 2 کھرب 56 ارب روپے کے نادہندہ نکلے۔
وزارت توانائی پاور ڈویژن نے قومی اسمبلی میں تفصیلات جمع کرائی ہیں جس میں انکشاف ہوا ہے کہ وفاقی اور صوبائی ادارے ڈسکوز کے 2 کھرب 56 ارب کے نادہندہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی میں ریلیف، اکثریت کو فائدہ کیوں نہ مل سکا؟
قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومتی اداروں نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو 47 ارب 81 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں، جبکہ صوبائی حکومتی ادارے ایک کھرب 51 کروڑ روپے کے نادہندہ ہیں۔
دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت آئیسکو کی 14 ارب 13 کروڑ، لیسکو کی 6 ارب 67 کروڑ، گیپکو کی 2 ارب 82 کروڑ، فیسکو کی ایک ارب 72 کروڑ، میپکو کی 2 ارب 18 کروڑ، پیسکو کی 2 ارب 22 کروڑ، سیپکو کی 9 ارب 13 کروڑ، حیسکو کی 5 ارب 53 کروڑ، ٹیسکو کی 69 کروڑ اور کیسکو کی 2 ارب 40 کروڑ روپے کی نادہندہ ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے 33 ارب 5 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت پیسکو اور ٹیسکو کی 26 ارب 25 کروڑ روپے کی نادہندہ ہے۔
اس کے علاوہ سندھ حکومت حیدر آباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کی 54 ارب روپے سے زیادہ کی نادہندہ ہے، جبکہ بلوچستان حکومت نے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو 38 ارب 29 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں آزاد کشمیر، بجلی سستی ہونے کے باوجود 70 فیصد لوگوں نے بل کیوں نہیں جمع کروائے؟
دستاویز کے مطابق آزاد جموں و کشمیر حکومت کے محکمے بھی ڈسکوز کے 56 ارب 77 کروڑ روپے کے نادہندہ ہیں۔
پاور ڈویژن کے مطابق حساسیت کے باعث ڈسکوز کی جانب سے ان محکموں کے بجلی کنکشن منقطع نہیں کیے جاتے، مگر عدم ادائیگی پر ان کو نوٹسز بھیجے جاتے ہیں۔