اقوام متحدہ میں پاکستانی نائب مستقل مندوب، سفیر عثمان جدون نے اقوام متحدہ میں منعقدہ سائیڈ ایونٹ میں منشیات کے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے متحدہ حکمت عملی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے عالمی تعون بڑھانے پر زور دیا۔
سائیڈ ایونٹ روس، چین، کیوبا، مصر، سنگاپور، پاکستان اور ازبکستان کے مستقل مشنز اور اقوام متحدہ کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوا۔ اس دوران پاکستان نے منشیات کے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ذمہ داری کے اصول اور سیاسی عزم کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مزید پڑھیں: دنیا بھر میں سب سے زیادہ نشہ کس چیز کا کیا جاتا ہے؟
پاکستان نے منشیات اور جرائم سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر کے کردار کو تسلیم کیا، ادارہ رکن ممالک کو منشیات سے متعلق جرائم کی روک تھام میں مدد دینے کی جامع حکمت عملی کے ساتھ غیر قانونی کاشت پر قابو پانے اور طلب کم کرنے کے اقدامات کرتا ہے۔
سفیر عثمان جدون نے کہا کہ دنیا میں منشیات کا مسئلہ عالمی سطح پر صحت، سلامتی، سماجی و اقتصادی ترقی اور معاشرتی فلاح پر سنگین اور مستقل اثرات مرتب کر رہا ہے۔
’پاکستان ایک ذمہ دار عالمی برادری کے رکن کی حیثیت سے منشیات کے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے قانونی، پالیسی اور انتظامی ڈھانچہ تشکیل دے رہا ہے‘۔
سفیر عثمان جدون نےکہا کہ حکومت پاکستان منشیات کے غیر قانونی کاروبار کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات اور ایک جامع حکمت عملی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کسٹمز انٹیلی جنس اور امریکی ڈرگ انفورسمنٹ کے مابین معاہدہ طے
’محدود وسائل اور تکنیکی مسائل کے باوجود پاکستان منشیات کی اسمگلنگ اور استعمال کے خلاف عملی اقدامات کررہا ہے، پاکستان خطے سے افیون اور مصنوعی منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے میں ایک فرنٹ لائن ریاست کے طور پر کام کر رہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشرے اور دنیا کو غیر قانونی منشیات کے تباہ کن اثرات سے بچانے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔