اینٹی ڈوپنگ ٹیسٹ میں ممنوعہ ادویات کی موجودگی کا انکشاف ہونے پر عامر خان پر 2سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پابندی کا اطلاق 6 اپریل 2022 سے 5 اپریل 2024 تک ہوگا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق سابق لائٹ ویٹر ورلڈ چیمپیئن عامر خان نے آسٹرائن کے استعمال کا تجربہ کیا۔
باکسر عامر خان نے فروری 2022 میں کیل بروک کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے دوران ممنوعہ ادویات کا استعمال کیا تھا۔
مئی میں اپنی ریٹائرمنٹ کے موقع پر باکسر عامر خان نے اس بات کا انکشاف خود کیا کہ انہوں نے اینٹی ڈوپنگ قانون کو توڑا ہے لیکن ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے یہ قانون جان بوجھ کر نہیں توڑا۔ تاہم آزاد خود مختار ٹریبیونل نے 36 سالہ عامر خان کی یہ دلیل مسترد کر دی تھی۔
یو کے اینٹی ڈوپنگ (یو کیڈ) کے مطابق اوسٹارائن ایک ایسی دوا ہے جو ٹیسٹوسٹیرون سے ملتے جلتے اثرات مرتب کرتی ہے۔
چیف ایگزیکیٹیو یو کے اینٹی ڈوپنگ جین رمبل نے کہا یہ کیس ایک یاددہانی ہے کہ یوکیڈ کھیل کو صاف شفاف بنانے کے لیے کسی کو بھی اینٹی ڈوپنگ رولز کی خلاف ورزی نہیں کرنے دے گا۔ ان سخت ذمہ داریوں کا مطلب ہے کہ کھلاڑی جو بھی ممنوعہ چیزکھائیں گے، وہ اس کے ذمہ دار ہوں گے۔