’الوداع، شاید قانون کی حکمرانی کے بعد ملیں‘، کیا اختر مینگل ملک چھوڑ گئے؟

جمعرات 5 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر خان مینگل کے قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کے اعلان کے بعد حکومتی اتحاد سمیت ملک کی تمام سیاسی پارٹیوں نے ان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کی تاہم پارٹیوں کی اس فرمائش کو ’ستم ظریفی‘ قرار دیتے ہوئے سینیئر سیاستدان نے ایک بار پھر کہہ دیا ہے کہ وہ اپنا فیصلہ واپس نہیں لینا چاہتے۔

https://x.com/sakhtarmengal/status/1831643897191346255

ایکس پر اپنے ایک پیغام سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ وہ اختر مینگل اب پاکستان میں نہیں رہے تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس ملک جا رہے ہیں اور پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ وطن بھی چھوڑ کر کیوں جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتی وفد مجھے قائل کرنے میں ناکام رہا، اختر مینگل کا استعفیٰ واپس لینے سے انکار

اپنے پیغام میں اختر مینگل نے کہا کہ ’تمام سیاسی جماعتوں نے میرا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے جو میں اپنے ساتھ ستم ظریفی سمجھتا ہوں کیونکہ میں پہلے ہی استعفیٰ دے چکا ہوں اور اس پارلیمنٹ میں رہنے کی کوئی خواہش نہیں رکھتا‘۔

اختر مینگل نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ میرا ذہن تبدیل کرسکتے ہیں اور اپنی غلطیوں کے لیے مجھ سے معافی مانگ لیں گے لیکن وہ مجھ سے معافی مانگنے کی بجائے بلوچستان کے عوام سے معافی مانگیں۔

سینیئر سیاستدان نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کو اٹھا کر ان کے پیاروں کو آپ نے جو تکلیف دی ہے اسے تسلیم کریں اور صرف اپنی بات کرنے پر تشدد کا نشانہ بنانے پر سمیع اور ماہرنگ بلوچ سے معافی مانگیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں صرف اختر مینگل نہیں ہوں، میں عوام کا حصہ ہوں اور جب آپ ان کے ساتھ (اپنے سلوک کی) اصلاح کرلیں گے تو میرے ساتھ بھی معاملات سدھار لیں گے‘۔

مزید پڑھیے: سردار اختر مینگل کا استعفیٰ: کیا بلوچستان کی سیاسی شخصیات پارلیمانی سیاست سے بیزار ہوگئیں؟

اختر مینگل نے کہا کہ میں کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں رکھتا لیکن میرے ضمیر نے مجھے یہ فیصلہ (استعفیٰ) کرنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے سب کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ بلوچستان کے مسائل حل کرنے سے انکار ہی کرتے رہے۔

واضح رہے کہ اختر مینگل کا مذکورہ پیغام (ایڈیٹ شدہ) ان کے ویریفائڈ اکاؤنٹ پر جمعرات کو سہ پہر 3 بجکر 41 منٹ پر پوسٹ کیا گیا جس میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں پاکستان سے باہر جا رہا ہوں اور جہاز میں سوار ہوں اس کا مقصد اس بوجھ سے خود کو نجات دلانا ہے جو مہینوں سے مجھ پر تھا۔

مزید پڑھیں: سینیئر سیاستدان اختر مینگل قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی

اختر مینگل نے کہا کہ اب میں آزاد ہوں اور امید کرتا ہوں کہ دوسروں کو بھی احساس ہوجائے گا قبل اس کے کہ بہت دیر ہوجائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اپنی پرواز میں سوار ہوں۔ الوداع، پارلیمنٹ۔ جب ملک میں قانون کی حکمرانی ہوجائے گی تو شاید ہم دوبارہ ملیں‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp