نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز، اسٹیٹ بینک نے مقابلے کے نتائج جاری کردیے

جمعہ 6 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائنز شارٹ لسٹ کرلیے، اور نئے نوٹوں کی سیریز کے مقابلے کے نتائج بھی جاری کردیے۔ اسٹیٹ بینک نے 10روپے سے 5 ہزار روپے تک کے نئے نوٹوں کے ڈیزائن کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق500 روپے کے 2نوٹوں میں محترمہ فاطمہ جناح کا نوٹ شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، ایک ہزار کے نوٹ پر لیاقت علی اور ان کے مکے کا نشان ہے اور پچھلی طرف ہاتھوں کی زنجیر موجود ہے۔

مزید پڑھیں: نئے کرنسی نوٹ آنے کے بعد پرانے کہاں جائیں گے؟

شارٹ لسٹ کیے گئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائنز میں 10، 20، 100، 500 اور 5 ہزار کے نوٹوں پر قائد اعظمؒ کی تصویر آویزاں ہے۔

شارٹ لسٹ کیے گئے ڈیزائنز کو بین الاقوامی ڈیزائنروں کے پاس بھیجا جارہا ہے جو ڈیزائنوں کو دیکھ کر فائنل کریں گے۔ نئے کرنسی نوٹوں کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق تیار کرکے دسمبر تک جاری کیا جائے گا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مقابلے کے فاتحین کا بھی اعلان کیا، جس میں کئی فنکاروں نے اپنی شاندار تخلیقات کے لیے پوزیشن حاصل کی۔ 10 روپے کے بینک نوٹ کے ڈیزائن کا پہلا انعام ڈاکٹر شیری عابدی کو دیا گیا، جبکہ مسٹر مرزا سفیان کو دوسری پوزیشن حاصل ہوئی۔

دیگر قابل ذکر فاتحین میں 20روپے کے نوٹ کے لیے مسٹر ہارون خان اور 100 روپے اور 5000 روپے کے نوٹوں کے لیے محترمہ میمونا افضل شامل ہیں، جنہوں نے دونوں کیٹیگریز میں پہلا انعام حاصل کیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مقابلے میں حصہ لینے والے مقامی فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ نئے ڈیزائن اس وقت بین الاقوامی ڈیزائنرز کے جائزے میں ہیں، جو نئے بینک نوٹوں کی حتمی شکل دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نئے کرنسی نوٹ آنے سے کیا فائدہ اور کیا نقصان ہو گا؟

یاد رہے کہ 21 اگست کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ دسمبر تک تمام کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن تبدیل کرلیں گے۔

واضح رہے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ نئے کرنسی نوٹوں میں سیکیورٹی فیچر زیادہ رکھے جا رہے ہیں، اور پلاسٹک کرنسی کو ٹیسٹ کریں گے عوامی قبولیت ہوئی تو جاری کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp