جمیعت علمائے اسلام نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نااہلی کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
جمیعت علمائے اسلام کے رہنما احمد علی نے کامران مرتضی اور جلال الدین ایڈوکیٹ کی وساطت سے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، درخواست میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو سرکاری وعوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان نے دوران عدت بشریٰ بی بی سے شادی کی، دوران عدت شادی غیرشرعی ہے، عمران خان سے متعلق ریحام خان نے بھی اپنی کتاب بھی کئی انکشافات کئے ہیں۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان نے جوا میں ملوث ہونے کا خود اعتراف کیا ہے، سیاسی مقاصد کے لیےعمران خان نے سائفر کا جھوٹا بیانیہ بھی بنایا، وہ بار بار اپنے بیانات پر یوٹرن بھی لیتا رہتا ہے، عمران خان کے جھوٹے بیانیے کی وجہ سے فوج کے وقار کو بھی نقصان پہنچا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عمران خان صادق و امین نہیں رہے اس لیے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔