مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا جلسہ رکوانے کے لیے حکومت نے اوچھے ہتھکنڈے شروع کردیے ہیں، پورے پنجاب کی پولیس اسلام آباد میں تعینات کردی ہے، اور عوام کو کچے کے ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ جلسہ گاہ میں توڑ پھوڑ اور سامان اٹھانے کی خبریں آرہی ہیں، مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب پولیس کو اسلام آباد بھیجا جارہا ہے، تاکہ ہمارے لوگوں کو جلسے میں آنے سے روکا جائے، اور رکاوٹیں کھڑی کی جاسکیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی جلسہ شرائط: کونسے کام منع، کارکنان کس روٹ سے داخل ہوسکیں گے؟
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور جلسے میں شرکت کے لیے جانے والے قافلے کی قیادت خود کریں گے۔ جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، کل کے جلسے میں عوام کا سمندر ہوگا۔
یاد رہے اس سے قبل علی امین گنڈا پور جلسے کے حوالے سے متعدد بیانات دے چکے ہیں، انہوں نے اسلام آباد کی ترنول تھانے کی پولیس کو مخطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جلسے کا سامان واپس کیا جائے ورنہ خود لینے کے لیے آؤں گا۔
یہ بھی پڑھیں: 8 ستمبر کا جلسہ، پی ٹی آئی کور کمیٹی نے کیا اہم فیصلے کیے ہیں؟
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 8ستمبر کو اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ تاہم، جلسے کی اجازت چند قوائد و ضوابط سے مشروط کی گئی ہے۔