پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سنگجانی جلسے کا وقت ختم ہونے کے بعد غلط روٹ استعمال کر کے جلسہ گاہ آنے والے کارکنوں کو روکنے کی کوشش کے دوران پولیس اور پی ٹی آئی کارکن آمنے سامنے آ گئے، پی ٹی آئی کارکنوں کا پولیس پر پتھراؤ، پولیس نے جواب میں آنسو گیس کی شیلنگ شروع کر دی۔
یہ بھی پڑھیں:ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی وارننگ: جلسہ مقررہ وقت پر ختم نہ ہوا تو کارروائی ہوگی
واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا تھا کہ اگر تحریک انصاف نے سنگجانی اسلام آباد میں جلسہ مقررہ وقت (7 بجے) رات ختم نہ کیا تو جلسہ منتظمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ این او سی میں تحریک انصاف کو جلسے کا 7 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے، جس میں چند منٹ باقی رہ گئے ہیں، اگر مقررہ وقت پر جلسہ ختم نہ کیا گیا تو پولیس کارروائی کرے گی۔ ڈسی سی اسلام آباد نے یہ بھی کہا تھا کہ جلسہ منتظمین کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ 7 بجے جلسہ ختم کیا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اور پولیس 26 نمبر چونگی پر اس وقت آمنے سامنے آ گئے جب اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے دیا گیا مقررہ وقت بھی اپنے اختتام کو پہنچ گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں بلا اجازت جلسے پر 3 سال تا 10 سال قید ہوگی، صدر کے دستخط کیساتھ اسمبلی سے منظور بل قانون بن گیا
پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس پر پتھراؤ شروع کرنے والے وہ لوگ تھے جو جلسہ گاہ کے روٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ روٹ کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے ان شرکا کو روکنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ جس سے ایس ایس پی اور دیگر پولیس جوان زخمی ہو گئے ہیں، پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ شروع کر دی۔
ادھر پولیس نے پی ٹی آئی جلسہ کی انتظامیہ کو آگاہ کیا کہ جلسے کا وقت ختم ہو گیا ہے اس لیے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر جلسے کو فوری منتشر کر دیا جائے۔