پنجاب کے تھانے اب سولر سسٹم پر چلیں گے؟

پیر 9 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مہنگی بجلی کا اثر صرف عوام پر نہیں ہے بلکہ ریاستی اداروں پر بھی پڑ رہا ہے۔ پولیس ڈیپارٹمنٹ کو پنجاب کے مختلف تھانوں کے بجلی کے بلوں کا مسئلہ رہتا تھا۔ واپڈا ذرائع کے مطابق پنجاب کے متعدد اضلاع کے تھانوں کے بل اب بھی واجب بل ادا ہیں۔ اکثر تھانوں میں بجلی کاٹی بھی گئی لیکن کچھ بل جمع کروانے کے بعد بجلی کو بحال کردیا گیا۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تھانے تاریکی میں ڈوب جاتے تھے جس کی وجہ سے فرنٹ ڈیسک کی سروسز میں تعطل پیدا ہو جاتا تھا لیکن اب ان سب چیزوں کا تدارک کرنے کے لیے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب کے 737 تھانوں میں سولر سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں مفت سولر سسٹم کے حصول کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ کار کیا ہے؟

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ سولر سسٹم سے فرنٹ ڈیسک پر تمام سروسز بلاتعطل فراہم کی جاسکیں گی۔ سولرائزیشن 2مرحلوں میں مکمل کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے350 تھانے پر سولر سسٹم کی تنصیب کاعمل شروع کر دیا گیا۔

دوسرے مرحلے میں اگلے مالی سال میں 375 پولیس سٹینشز پر تنصیب  ہوگی۔ ہر پولیس سٹیشن پر3کلو واٹ کا سسٹم بیٹریز سمیت نصب کیا جا رہا ہے۔ تھانوں کے بعد خدمت مراکز اور پی ایچ پی پوسٹس پر بھی سولرسسٹم نصب کیے جائیں گے۔

کچے کے علاقے میں موجود تھانوں میں بھی شمسی توانائی کا استعمال کیا جائے گا؟

پنجاب بھر کے پولیس سٹیشنوں میں سولر سسٹم لگائے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے بھاری بھرکم بلوں سے نجات کے لیے پنجاب بھر کے تمام تھانوں کی الیکٹریسٹی ضروریات شمسی توانائی سے پوری کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔کچے کے علاقے میں موجود تھانوں میں اکثر بجلی کے بل ادا نہ ہونے اور لوڈشیڈنگ  کی وجہ سے سروسز معطل رہتی تھیں لیکن اب ان تھانوں کی اپ گریڈیشنز کے ساتھ وہاں پر بھی سولر سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کی سولر سسٹم اسکیم؛ کون سے 50 ہزار گھرانے اہل ہوں گے؟

 کچے کے علاقوں میں موجود چیک پوسٹوں پر 10 کلو واٹ کے سولر سسٹم بیٹری کے ساتھ لگائے جائیں گے تاکہ پولیس روشنی میں اپنا کام کر سکے۔ پنجاب پولیس کے ذرائع کے مطابق ان علاقوں کی چیک پوسٹوں کو بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا بھی رہتا تھا اور بل ادا نہ ہونے کی وجہ سے بجلی کا کنکشن بھی کاٹ دیا جاتا تھا لیکن اب آئی جی پنجاب عثمان انور نے خصوصی طور پر اُن تھانوں اور چیک پوسٹوں کو ہدف بنایا ہے جہاں پر بجلی کی وجہ سے پولیس کے ساتھ شہریوں کو مسائل کا سامنا رہتا تھا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے تھانوں میں سولر سسٹم لگنے سے اربوں روپے کی بچت ہوگی اور ماحول بھی بہتر ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp