وزیراعلیٰ بلوچستان کا اساتذہ اور طالبات کو مفت لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

پیر 9 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ بلوچستان نے گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کی اساتذہ اور طالبات کو 500 مفت لیپ ٹاپس کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔

کوئٹہ کے گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج میں پہلے کانوکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمارے دین نے خواتین اور مرد دونوں کو تعلیم حاصل کرنے کا حکم دیا، بلوچستان میں مختلف شعبوں میں خواتین فرائض سر انجام دے رہی ہے، حکومت کے قیام کے ساتھ ہی بینظیر بھٹو اسکالرشپ کا آغاز کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گورنمنٹ سائنس کالج کوئٹہ میں آتشزدگی سے ریکارڈ خاکستر، وزیراعلیٰ کا نوٹس

انہوں نے پرنسپل کینٹ گرلز کالج کی 30 سالہ خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور اعلان کیا کہ میٹرک میں ٹاپ کرنے والی 380 طالبات اور 380 طلبا اور شہدا کے بچوں کو 16 سال تک مفت اور معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر ناظمہ طالب کو بے دردی سے شہید کیا گیا، گرلز کالج میں پروفیسر ناظمہ طالب سے منسوب ایک بلاک تعمیر کیا جائے گا، پاکستان کے ساتھ وفاداری کرنے والوں کو اللہ نے ہمیشہ عزت سے نوازا ہے۔

کانوکیشن سے خطاب میں وزیر تعلیم راحیلہ درانی  نے کہا کہ آج میرے لیے اہم دن ہے، میں جہاں سے پڑھی ہوں آج اسی کالج کے کانوکیشن میں شریک ہوں، والدین کے بعد اساتذہ عزت اور وقار کے قابل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ہمیشہ تعلیم اور صحت پر کام کیا اور اسکول ایجوکیشن کے لیے 26 ارب روپے دیے، حکومت بلوچستان تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ کی قدیم درس گاہ جل کر خاکستر، شارٹ سرکٹ یا دہشتگردی؟

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ کینٹ راحیلہ رمضان نے کہا کہ کالج میں 2016 سے اب تک 16 شعبوں میں بی ایس پروگرام چلایا جا رہا ہے، بی اے، بی ایس سی کے بعد بی ایس مشکل مرحلہ تھا۔

کانوکیشن میں 2016 سے 19 تک کے بی ایس پروگرام کی پاس آوٹ طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں، کانوکیشن میں مجموعی طور پر 400 طالبات کو ڈگریوں سے نوازا گیا، 36 طالبات کو گولڈ میڈلز، 38 کو پن آف آنر سے نوازا گیا جبکہ 3 طالبات کو شیلڈ آف آنر سے نوازا گیا۔

قبل ازیں، وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد ہاشم کاکڑ نے آتشزدگی سے متاثرہ سائنس کالج کا دورہ کیا اور متاثرہ کلاس رومز کا معائنہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت بلوچستان میں امن کی بحالی کے لیے ہرممکن تعاون کرے گی، خواجہ آصف کی سرفراز بگٹی کو یقین دہانی

اس موقع پر کالج کے وائس پرنسپل نے آتشزدگی سے متعلق وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کلاسز کی فوری بحالی اور کلاسز کے اجرا کے لیے اقدامات کی ہدایت  کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کو سائنس کالج کے مین بلاک کی ازسر نو تعمیر کی ہدایت کی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے، آتشزدگی کے واقعہ کے بعد وائس پرنسپل کی کاوشیں اور اقدامات قابل ستائش ہیں۔

وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ وائس پرنسپل کی خدمات کو سراہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے، تعلیمی حرج ہونے نہیں دیا جائے گا، متبادل بلڈنگ میں کلاسز شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp