برطانیہ میں لانگ رینج شوٹنگ چیمپیئن شپ میں پاکستانی شوٹرز نے کمال مہارت کامظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے 3 سونے سمیت 11 تمغے جیت کر دُنیا کے 18 ممالک کے 160 شوٹرز کو مات دے دی۔
برطانوی دارلحکومت لندن کے علاقے ’بسلے رینج ‘ میں منقعدہ لانگ رینج شوٹنگ چیمپیئن شپ میں پاکستانی شوٹرز نے مجموعی طور پر 11 تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے ان 11 تمغوں میں 3 گولڈ میڈل بھی شامل ہیں، پاکستانی شوٹرز 4 چاندی اور 4 ہی کانسی کے تمغے بھی جیتنے میں کامیاب ہوئے۔
پاکستانی شوٹرز جنید خٹک اور احمد جاوید کے گولڈ میڈل جیتنے کے ساتھ ہی پاکستانی شوٹنگ ٹیم مجموعی طور پر ٹاپ 10 میں سے پہلی 3 پوزیشنیں حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہی۔
ایف ٹی آر کیٹیگری میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم نے متعدد انفرادی ایوارڈز حاصل کیے جس سے ایونٹ میں ان کی موجودگی برقرار رہی۔
چیمپیئن شپ میں 18 ممالک کے 160 شوٹرز نے شرکت کر رکھی تھی، جس میں پاکستان نے 18 شوٹرز پر مشتمل اسکواڈ ہی میدان میں اتارا تھا۔
پاکستانی شوٹرز نے زبردست مقابلہ کیا اور برطانیہ میں پاکستان کا جھنڈا بلند کیا، ان کی کارکردگی کو غیر معمولی صلاحیتوں کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے، قومی شوٹرز نے پاکستان کا دُنیا بھر میں نام روشن کیا۔