علی امین گنڈاپور کو تحویل میں لے لیا گیا، بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اسلام آباد سے گرفتار

پیر 9 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو پولیس نے تحویل میں لے لیا۔

ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور سے آخری بار دوپہر 3 بجے رابطہ ہوا تھا، اس کے بعد 6 بجے سے ان کا موبائل فون نمبر بند جارہا ہے، جبکہ فیصل امین گنڈاپور نے بھی علی امین سے رابطہ نہ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

 

گزشتہ روز تحریک انصاف کے اسلام آباد جلسے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایک سے دو ہفتوں میں عمران خان کو رہا نہ کیا گیا تو ہم خود ان کو رہا کروائیں گے۔ انہوں نے اپنی تقریر کے دوران سیاسی حریفوں کے ساتھ ساتھ اسٹیبلشمنٹ پر بھی کڑی تنقید کی تھی۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ عامر ڈوگر کو بھی گرفتار کرنے کی اطلاعات ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے شیر افضل مروت کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے۔ پولیس نے شعیب شاہین کو ان کے دفتر سے گرفتار کیا جبکہ چیئرمین بیرسٹر گوہر نے خود پارلیمنٹ ہاؤس سے باہر آکر گرفتاری دی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایسے حالات کی طرف نہ جائیں کہ کسی کی ہار جیت نہ ہو۔

گرفتاری کے دوران مزاحمت کرنے پر پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کے پرائیویٹ گارڈ کو بھی حراست میں لے لیا۔

اسلام آباد پولیس نے ریڈزون سیل کردیا ہے، اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ سنگجانی جلسے کے بعد درج ایف آئی آر پر دیگر رہنماؤں کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمر ایوب، زرتاج گل اور دیگر کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔ ’اس وقت شیخ وقاص اکرم، زرتاج گل سمیت کئی رہنما پارلیمنٹ کے اندر موجود ہیں اور پولیس باہر ان کا انتظار کررہی ہے‘۔

پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر ڈوگر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح پولیس نے ہمارے ایم این ایز کو گرفتار کیا یہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

شیر افضل مروت کو جب پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے گرفتار کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں جلسہ کیا تھا، تاہم اسلام آباد پولیس نے مقررہ وقت میں جلسہ ختم نہ کرنے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp