سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فحش فلموں کی اداکارہ کو تعلقات چھپانے کی غرض سے رشوت دینے پر نیویارک میں گرفتار کرلیا گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے پہلے صدر ہیں جنہیں کرمنل کاررائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
غیر ملکی میڈٰیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پیشی کے لیے نیویارک کے علاقے مین ہیٹن کی عدالت پہنچے جہاں انہوں نے اپنے آپ کو مین ہیٹن کے اٹارنی آفس حکام کے حوالے کیا جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ٹرمپ کو نیویارک کی عدالت میں پیش کیا جائے گا جس کے لیے عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ عدالت کے باہر ٹرمپ کے حامی اور مخالف دونوں طرح کے افراد کی ایک معقول تعداد بھی دیکھنے میں آئی۔
عدالتی کارروائی کے دوران ٹرمپ کو ان پر عائد الزامات بتائے جائیں گے اور پیشی کے موقع پر خفیہ سروس کے اہلکار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے تاہم عدالت میں پیشی پر انہیں ہتھکڑیاں نہیں پہنائی جائیں گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر جس پر الزام میں فرد جرم عائد کی گئی ہے اس کے مطابق ان کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے مبینہ طور پر سنہ 2016 کے انتخابات سے قبل فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینیئلز کو رقم دی تھی تاکہ وہ ٹرمپ سے ناجائز تعلق پر خاموش رہے۔
دوسری جانب اداکارہ اسٹارمی ڈینیئلزنے اعتراف کیا ہے کہ اس کا ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ سنہ 2006 میں جنسی تعلق تھا اسی لیے ٹرمپ نے انہیں خاموش رہنے کے لیے رقم دی تھی۔ تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا اسٹارمی ڈینیئلز سے کوئی افئیر نہیں رہا۔