پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر نے پارلیمنٹ ہاؤس سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاری کو پارلیمنٹ پر حملہ قرار دے دیا۔
نوید قمر نےقومی اسمبلی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب پارلیمنٹ کے اندر سے ممبر کو گرفتار کیا جائے تو کیا باقی بچے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ غیر معمولی معاملہ ہے جس کی سنجیدہ انکوائری کرا کے ایکشن لینا ہوگا۔
پارلیمنٹ کے اندر گھس گئے، کل اس ہاؤس میں سے گرفتاریاں ہوں گی، تمام حدیں کراس کی گئیں، اس کی انکوائری کرائیں، سامنے لائیں، ورنہ یہ صرف شروعات ہے، انجام کیا ہو گا علم نہیں۔ سید نوید قمر pic.twitter.com/CbkCKGgm28
— Ahmad Warraich (@ahmadwaraichh) September 10, 2024
رہنما پیپلز پارٹی سید نوید قمر کی ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف نے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی ملی بھگت سے ہوا ہے۔
یہ سب پی پی پی اور ن لیگ کی ملی بھگت سے ھوا ھے۔ ڈرامہ بازی نہیں کرو
— Irfan Malik (@im_malik62) September 10, 2024
نوید قمر کے انکوائری کے مطالبے پر مدیحہ کاظمی نامی صارف نے لکھا کہ پاکستان میں انکوائری صرف ایک ڈھونگ ہے جو کبھی بھی سچ کی بنیاد پر نہیں کی جاتی لیکن اس کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں جس کا رزلٹ اس وقت آتا ہے جب لوگ سب کچھ بھول جاتے ہیں۔
پاکستان میں کب انکوائری سچی ہوئی انکوائری ایک ڈھونگ ہے جس پہ کروڑوں روپے خرچ کئیے جاتے ہیں مگر رزلٹ دوسال بعد آتا ہے تب تک لوگ سب کچھ بھول چکے ہوتے ہیں
— Madiha kazmi (@GhulamAbba32156) September 10, 2024
جیا مہمند لکھتی ہیں کہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلنا بند کریں اور اسمبلی سے استعفیٰ دیں۔
اتنی غیرت جاگ رہی ہے تو استعفی دو اسمبلی سے وکٹ کے دونوں طرف کھیلنا بند کردو
— Jiya Mohmand (@JiyaMohmand) September 10, 2024
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان سمیت پارٹی کے کئی اہم رہنماؤں کو پارلیمنٹ ہاؤس سے حراست میں لیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں بیرسٹر گوہر علی خان، شیر افضل مروت اور دیگر پر سنگ جانی کے مقام پر 8 ستمبر کے جلسے کے دوران قواعد کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔