وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے توجہ دلاؤ نوٹس پر قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ کابینہ میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی صرف تنظیم نو اور بہتر کرنے کی بات کی جا رہی ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کے ختم کرنے یا بند کرنے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔
قومی اسمبلی اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز اور پاک پی ڈبلیو ڈی کی بندش سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پر آصفہ بھٹو زرداری نے پوچھا کہ 25 ہزار ملازمین کو بیروزگاری کا خدشہ ہے۔ کیا یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا فیصلہ وفاقی کابینہ کا تھا اور اب حکومت فیصلہ واپس لے رہی ہے؟
مزید پڑھیں:یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین نے دھرنا کس یقین دھانی پر ختم کیا؟
وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے بتایا کہ ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ ری اسٹرکچرنگ کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے مشورے کے ساتھ آگے چلیں گے۔ منسٹر انچارج کے طور پر کئی دفعہ کہا ہے کہ ری اسٹرکچرنگ کی بات ہورہی ہے۔ پی ڈبلیو ڈی کے صوبائی پراجیکٹس صوبائی محکمے دیکھیں گے، مینٹیننس کا معاملہ سی ڈی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پاک پی ڈبلیو ڈی کی جگہ ایک اتھارٹی بنائی جا رہی ہے۔