سعودی عرب نے جنوبی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے واقعات کی سخت مذمت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی غزہ میں خان یونس کے علاقے کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں، جسے اسرائیلی جنگی مشین کی طرف سے معصوم شہریوں کے خلاف مسلسل ہونے والی خلاف ورزیوں کا ایک نیا باب قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی قابض افواج کی بربریت اور غزہ میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، سعودی عرب
سعودی حکومت نے اسرائیلی افواج کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف جاری اجتماعی قتل عام کے جرائم کی پرزور مذمت کی ہے اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی افواج کو ان جرائم کی پوری ذمہ داری اٹھانا ہوگی کیونکہ وہ بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مسئلہ فلسطین کا 2 ریاستی حل امن اور سلامتی کی بنیاد ہے، سعودی وزیر خارجہ
مزید برآں، سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے اور ان خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے بین الاقوامی احتسابی نظام کو فوری طور پر نافذ کرے۔
مملکت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مکمل نفاذ کو یقینی بنایا جائے تاکہ اسرائیلی مظالم کا خاتمہ ہو سکے۔