خاتون ووٹر نے تحریک انصاف کی عارضی چیئرپرسن بننے کے لیے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا

بدھ 11 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ایک ووٹر نے پارٹی کی عارضی چیئرپرسن بننے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کے کیس میں کی فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی اقرا مبارک نے مقدمے میں فریق بننے کی بھی استدعا کی ہے۔

اقرا مبارک نے اپنی درخواست میں کہا کہ میں پی ٹی آئی کی ایک ووٹرہوں اور میں نے حامد رضا کو گزشتہ انتخابات میں ووٹ اور سپورٹ کیا۔

درخواست گزار نے کہا کہ وہ انتخابات میں حلقہ این اے 104 سے چیئرمین پی ٹی آئی کی نامزد کردہ تحریک انصاف کی امیدوار بھی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے بلے کا نشان جانے پر تحریک انصاف کو نقصان نہیں پہنچا اور پارٹی کا سمبل ماضی میں بھی تبدیل ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی نشان اہم نہیں بلکہ پارٹی کی رکنیت اہم ہے۔

مزید پڑھیے: بغیر مانگے مخصوص نشستیں نہیں دی جاسکتیں، الیکشن ایکٹ ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف قیادت نے امیدواروں کو 2 پارٹیوں سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت کی جو غیرقانونی ہے اور پھر اس کے بعد پی ٹی آئی امیدواروں نے بطور آزاد امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

اقرا مبارک نے عدالت سے تحریک انصاف کے امیدواروں کے بیان حلفی، سنی اتحاد کونسل کے انٹرا پارٹی انتخابات، تحریک انصاف کے امیدواروں کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے بیان حلفی دیکھے اور امیدواروں کی فہرست کی جانب توجہ دینے کی بھی استدعا کی۔

درخواست میں کہا گیا کہ ووٹرز نے بانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا لیکن تحریک انصاف کے 41 امیدواروں نے ووٹرز کے ساتھ فراڈ کیا۔ 41 امیدواروں کو تحریک انصاف نے ٹکٹ دیا جو خود کو آزاد امیدوار ڈکلیئر کررہے ہیں لہٰذا ووٹرز کے ساتھ دھوکا ہوا۔

کیا حامد رضا 2 پارٹیوں کے رکن ہوسکتے؟

درخواست گزار نے سوال کیا کہ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا کے استعفیٰ دینے پر انتخابات کے دوران سنی اتحاد کونسل کا چیئرمین کون تھا؟

انہوں نے دریافت کیا کہ حامد رضا کا استعفیٰ الیکشن کمیشن کو ملا اور کیا نئے چیئرمین کے لیے انٹرا پارٹی انتخابات ہوئے اور سنی اتحاد کونسل نے آج تک کتنے انٹرا پارٹی انتخابات کروائے ہیں؟

مزید پڑھیں: ہمیں مخصوص نشستیں ملنا ایجنسیوں کو برداشت نہیں ہورہا، پی ٹی آئی کا ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر ردعمل

اقرا مبارک نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف کی کارکن ہونے کے ناتے مخصوص نشستوں کے لیے لسٹ فراہم کی تھی اور ضروری نہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درج کردہ لسٹ ہی تسلیم کی جائے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ تحریک انصاف کا کوئی چیئرمین انٹرا پارٹی انتخابات سے منتخب نہیں ہوا لہٰذا سپریم کورٹ مجھے بطور عارضی چیئرپرسن پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کروانے کی اجازت دے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp