فیکٹ چیک: پاکستان کے کتنے آرمی چیف اور فور اسٹار جنرل ملک سے باہر رہتے ہیں؟

بدھ 11 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں سابق آرمی سربراہوں اور جرنیلوں کے ریٹائر ہو جانے کے بعد بیرون ملک چلے جانے کے حوالے سے  انٹرنیٹ پر کافی  بات کی جاتی ہے۔

 اس حوالے سے وی نیوز نے فیکٹ چیک کیا تو معلوم ہوا کہ پاکستان کے اب تک 6 کمانڈر ان چیفس رہ چکے ہیں جبکہ 11 آرمی چیفس بن چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال کا جرنیلوں اور ججوں کے بارے میں بڑا انکشاف؟

 انٹرنیٹ پر کافی زیادہ پروپیگینڈا کیا جاتا ہے کہ پاک فوج کے سربراہان ریٹائر ہو کر ملک سے باہر چلے جاتے ہیں مگر پاک فوج کے کل 17 سربراہان میں سے صرف 7 بقید حیات ہیں اور ان  7 میں سے صرف ایک یعنی راحیل شریف اپنی بعد از ریٹائرمنٹ ملازمت کے سلسلے میں بیرون ملک یعنی سعودی عرب میں مقیم ہیں۔

اسی طرح پاکستان میں فور اسٹار جرنیلوں کی بات کی جائے تو 18 چئیرمین جوائنٹ چیفس آف aسٹاف رہ چکے ہیں جس میں سے 9 وفات پا چکے ہیں اور 9 بقید حیات ہیں جو سارے کے سارے پاکستان میں ہی مقیم ہیں۔

پاکستان کے  کمانڈر ان چیفس

پاکستان فوج آزادی کے بعد پہلے کمانڈر ان چیف سر فرینک والٹر میسروی تھے جو اگست 1947 سے فروری 1948 تک خدمات سرانجام دیتے رہے۔ ان کے بعد جنرل ڈگلس  ڈیوڈگریسی کمانڈر ان چیف بنے جو اپریل 1951 تک عہدے پر برقرار رہے۔

مزید پڑھیے: پاکستان کا انوکھا جرنیل

جنرل گریسی کے بعد فیلڈ مارشل ایوب خان  کمانڈر ان چیف بنے جو جنوری 1951 سےستمبر 1958 تک اس عہدے پر رہے۔ ان کے بعد جنرل محمد موسیٰ کمانڈر ان چیف بنے جو اکتوبر 1966 تک اسی عہدے پر رہے۔ جنرل یحییٰ خان  پاک فوج کے 5 ویں کمانڈر ان چیف تھے جو ستمبر 1966 سے 20 دستمبر 1971 تک اپنے عہدے پر برقرار رہے۔

ان کے بعد جنرل گل حسن پاکستان کے آخری کمانڈر ان چیف بنے جو پہلے ایکٹنگ کمانڈر ان چیف بنے پھر فل کمانڈر بنے اور 2 مارچ 1972 تک عہدے پر برقرار رہے۔

پاکستان کے آرمی چیفس

اس کے بعد جنرل ٹکا خان پہلے فوجی سربراہ تھے جنہیں آرمی چیف کے عہدے پر مقرر کیا گیا۔ وہ 3 مارچ 1972 سے یکم مارچ 1976 تک عہدے پر قائم رہے۔

جنرل ٹکا خان کے بعد جنرل ضیاالحق نے فوج کی بطور آرمی چیف کمان سنبھالی اور وہ یکم مارچ 1976 سے اس وقت تک اپنے عہدے پر برقرار رہے جب 17 اگست 1988 کو وہ ایک طیارہ حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔

17 اگست 1988 سے جنرل مرزا اسلم بیگ آرمی چیف مقرر ہوئے جو 16 اگست 1991 تک پاک فوج کے سربراہ کے عہدے پر قائم رہے۔ ان کے بعد جنرل آصف نواز جنجوعہ آرمی چیف بنے جو 16 اگست 1991 سے 8 جنوری 1993 کو دوران ڈیوٹی وفات تک اپنی خدمات سرانجام دیتے رہے۔

جنرل آصف نواز کی اچانک وفات کے بعد جنرل عبدالوحید کاکڑ 11 جنوری 1993 کو 5 ویں آرمی چیف مقرر ہوئے  اور 12 جنوری 1996 تک خدمات سرانجام دیتے رہے۔ جنرل وحید کاکڑ اس وقت پاکستان میں ہی مقیم ہیں۔

جنرل جہانگیر کرامت چھٹے آرمی چیف کے طور پر 12 جنوری 1996  سے 6 اکتوبر 1998 تک عہدے پر برقرار رہے ۔ انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ جنرل جہانگیر کرامت اس وقت پاکستان میں ہی مقیم ہیں۔

ان کے بعد جنرل پرویز مشرف کو آرمی چیف بنایا گیا جو 6 اکتوبر   1998 سے 29 نومبر 2007 تک آرمی چیف رہے جس کے بعد بطور صدر انہوں نے جنرل اشفاق پرویز کیانی کو آرمی چیف مقرر کر دیا۔

مزید پڑھیں: جنرل راحیل نے نوازشریف سے کہا ایکسٹینشن دیدیں پھر پاناما جانے اور میں جانوں، عرفان صدیقی

جنرل اشفاق پرویز کیانی 29 نومبر 2007 سے 29 نومبر 2013 تک آرمی چیف کے عہدے پر برقرار رہے۔ ان کے بعد جنرل راحیل شریف آرمی چیف بنے جو 29 نومبر 2016 تک عہدے پر برقرار رہے۔ وہ واحد آرمی چیف ہیں جو ملک سے باہر سعودی عرب میں مقیم ہیں جہاں وہ اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے سربراہ کے طور پر تعینات ہیں۔

جنرل راحیل شریف کے بعد 29 نومبر 2016  کو جنرل قمر جاوید باجوہ آرمی چیف تعینات ہوئے جو 29 نومبر 2022 کو ریٹائر ہوئے اور ان کے بعد موجودہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو تعینات کیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ بھی پاکستان میں مقیم ہیں۔

پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی

پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سربراہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے طور پر تعینات ہوتے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں اب تک 18 چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات ہو چکے ہیں جس میں 15 کا تعلق پاکستان آرمی سے تھا  2 کا تعلق پاکستان نیوی اور ایک کا تعلق پاکستان ایئرفورس سے رہا ہے۔

ان میں سے 9 چئیرمین ابھی بھی بقید حیات ہیں اور وہ سب پاکستان میں مقیم ہیں۔

ان میں ایڈمرل افتخار احمد سروہی، جنرل جہانگیر کرامت، جنرل عزیز خان، جنرل احسان الحق، جنرل طارق مجید، جنرل اشفاق پرویز کیانی، جنرل راشد محمود، جنرل زبیر حیات، جنرل ندیم رضا اور جنرل ساحر شمشاد مرزا شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp