آزاد کشمیر: ریسکیو کی گئی مادہ تیندوے کو کتنی گولیاں لگیں، اب حالت کیسی ہے؟

بدھ 11 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر کے ضلع حویلی کہوٹہ سے گزشتہ ہفتے وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے ایک تیندوے کو ریکسیو کیا گیا۔ یہ مادہ تیندوا کہوٹہ ریسٹ ہاؤس کے قریب نالے میں زخمی حالت میں پائی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ’جدید دور میں بھی رسیوں کی مدد سے تیندوے کو پکڑا جا رہا ہے‘ زخمی تیندوے کو ریسکیو کرنے پر صارفین کے تبصرے

واضح رہے کہ محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے جال کی مدد سے تیندوے کو گھنٹوں کی مشقت کے بعد پکڑا اور زخمی تیندوے کو ویٹرنری اسپتال کہوٹہ میں منتقل کر دیا گیا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئیں۔

تیندوے کی حالت اب کیسی ہے؟

ڈائریکٹر وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ رینا سعید نے تیندوے کی حالت کے حوالے سے وی نیوز کو بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر سے آئی ڈبلیو ایم بی کے ریسکیو سینٹر میں لائی گئی مادہ تیندوے کی حالت اچھی نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: مظفر آباد: درخت میں پھنسے تیندوے کو بغیر بیہوش کیے کیسے ریسکیو کیا گیا؟

تیندوے کے جو ایکس ریز کیے گئے ہیں ان سے اس کے جسم میں 4 گولیوں کی موجودگی ظاہر ہوئی ہے۔ تیندوے کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹرز اب تک ایک گولی نکالنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
رینا سعید نے کہا کہ اس پر 12 بور شاٹ گن سے حملہ کیا گیا ہے جس کی 2 گولیاں اس کی ریڑھ کی ہڈی اور دل کے قریب ہیں لہٰذا ہم اس کا علاج جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں: ڈیرہ بگٹی: نایاب تیندوے کے شکار پر 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج

ان کا کہنا تھا کہ مادہ تیندو آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں ایک نالے سے ملی تھی اور آزاد جموں و کشمیر کے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے اس کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ڈائریکٹر  بورڈ نے بتایاکہ نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے درخواست بھی جمع کروادی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp