مسجد اقصیٰ: اسرائیلی سیکورٹی فورسز کا صبح سویرے نمازیوں پر حملہ، بدترین تشدد کا نشانہ بنایا

بدھ 5 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے بدھ کے روز طلوع آفتاب کے وقت مسجد اقصیٰ کے احاطے میں نمازیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے جبکہ سیکڑوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اسرائیلی پولیس اہلکاروں نے ایک بار پھر مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کرتے ہوئے مسجد کے احاطے میں گھس کر نمازیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ دوسری طرف اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے بدھ کے روز فسادات کے نتیجے میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ کیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق مشتعل فلسطینیوں کی اسرائیلی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی پولیس نے نہتے نمازیوں پر دستی بم پھینکے اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے متعدد نمازیوں کی حالت غیر ہوگئی۔ فلسطینی ہلال احمر نامی ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اس پوری کارروائی کے نتیجے میں لوگوں کی بڑی تعداد زخمی ہوئی ہے تاہم درست تعداد نہیں بتائی۔

سوشل میڈیا پر ایسی درجنوں ویڈیوز وائرل ہوچکی ہیں جن میں اسرائیلی سیکیورٹی پولیس اہلکار مسجد اقصیٰ میں موجود افراد کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ایک بزرگ خاتون نے بتایا کہ وہ ایک کرسی پر بیٹھے قرآن مجید کی تلاوت کر رہی تھیں کہ اچانک اسرائیلی اہلکاروں نے گرینیڈ سے حملہ کردیا۔ خاتون نے بڑی مشکل سے سانس لیتے ہوئے بتایا کہ ایک نے ان کے سینے پر ضرب بھی لگائی ہے۔

حملے کا سنتے ہی سیکڑوں کی تعداد میں فلسطینی خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد مسجد اقصیٰ پہنچ گئی۔

دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ سے اسرائیلی شہریوں پر راکٹ فائر کیے گئے جس کے جواب میں یروشلم میں موجود گروہ پر حملہ کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp