کارساز حادثہ کیس میں نامزد مرکزی ملزمہ نتاشا دانش کی فیملی کی جانب سے ان کی ضمانت کے لیے این او سی دیا گیا ہے لیکن نتاشا کے خلاف بننے والے مقدمات کا اسٹیٹس تاحال وہی ہے، اس میں ردوبدل یا مقدمہ ختم کرنے کے حوالے سے اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔
اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ مرکزی مقدمے کا حتمی چالان ابھی تک عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا ہے، ذرائع کے مطابق حتمی چالان میں موٹر وہیکل آرڈیننس کی دفعہ 114 شامل کیے جانے کا امکان ہے، ایسا ہونے کی صورت میں عین ممکن ہے کہ ملزمہ نتاشا کے شوہر دانش اقبال کو بھی حتمی چالان میں بطور شریک ملزم شامل کرلیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: کارساز حادثہ کیس: معاہدہ طے ہونے کے بعد ملزمہ نتاشا کی ضمانت منظور
دفعہ 114 کے اطلاق کا مطلب ہے کہ جس گاڑی سے حادثہ ہوا وہ کس کے نام پر ہے اور اگر گاڑی کا ڈرائیور نشے کی حالت میں تھا تو گاڑی کا مالک بھی شریک ملزم تصور کیا جائے گا، اس جان لیوا حادثے پر اس وقت 2 مقدمات درج ہیں، ایک مقدمہ میں مقتول عمران عارف کے بھائی امتیاز عارف مدعی ہیں جبکہ امتناعِ منشیات ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں مدعی خود سرکار یعنی حکومت ہے۔
سمجھوتا کب ہو سکتا ہے؟
اس حوالے سے قانون یہ کہتا ہے کہ مصالحت اس مقدمہ میں ہوسکتی ہے جس میں مدعی مقدمہ سرکارنہ ہو، اب چونکہ کارساز حادثے سے متعلق درج ایک مقدمہ کے مدعی امتیاز عارف ہیں، جنہوں نے سمجھوتہ کرلیا ہے، لیکن جہاں مدعی مقدمہ سرکار ہوگی اس مقدمہ میں سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
مزید پڑھیں: کارساز ٹریفک حادثہ: ملزمہ نتاشا کی امتناع منشیات کیس میں ضمانت مسترد
مذکورہ حادثہ سے متعلق درج مقدمہ میں جہاں تک سمجھوتے کی بات ہے تو مرکزی کیس میں تاحال عدالت میں صرف ضمانت کی حد تک سمجھوتہ ہو چکا ہے جبکہ سمجھوتے کی باقاعدہ کارروائی ابھی باقی ہے، جس کی عدالت سے منظوری کے بعد ہی مرکزی مقدمہ ختم ہو سکے گا۔
تاہم سرکار کی مدعیت میں درج مقدمہ جاری رہے گا، عدالت کی جانب سے نتاشا دانش کی ضمانت کی درخواست خارج ہونے پر عدالت نے قرار دیا تھا کہ ورثا کے سمجھوتے کا تعلق مرکزی مقدمے سے ہے جبکہ منشیات ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں مدعی خود سرکار ہے اس لیے مذکورہ سمجھوتے کا اس مقدمہ سے کوئی تعلق نہیں، لہذا ضمانت کی درخواست خارج کی جاتی ہے۔
منشیات کے استعمال کرنے کے کیس میں کتنی سزا ہو سکتی ہے؟
اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ سمجھوتہ ہوجانے کے بعد بھی اگر منشیات کے استعمال کا جرم ثابت ہو جاتا ہے تو ملزمہ نتاشا دانش کو 3 سال تک سزا ہو سکتی ہے، دوسری جانب موٹر وہیکل آرڈیننس کی دفعہ 114 کا اضافہ مرکزی مقدمہ میں ہوگا، جس میں نتاشا کے شوہر کو بھی جرم میں معاونت کے تحت شامل کیا جائے لیکن سمجھوتے کے بعد یہ مقدمہ بھی ختم ہو جائے گا اور صرف امتناع منشیات ایکٹ کے تحت درج مقدمہ ہی زیر سماعت رہے گا۔