پاکستان نے اسرائیلی فوج کی غزہ میں جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی قابض افواج نہتے فلسطینیوں کو بربریت کا نشانہ بنارہی ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ اسرائیلی افواج انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کو جواب دینے کے لیے او آئی سی واضح اور جرأت مندانہ منصوبہ تیار کرے، پاکستان
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں گرفتار تمام سیاسی رہنماؤں کو رہا کرے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر عالمی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں کردار ادا کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ رواں ماہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) وزارتی کونسل کا اجلاس منعقد ہورہا ہے جس کے لیے وزارتی کونسل ایجنڈے پر کام کررہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی شہریوں کی جاسوسی کے لیے اسرائیلی کمپنی کی خدمات؟
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ عالمی بحری تنظیم کے سیکریٹری جنرل آرسینوڈو منگس میری ٹائم کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر آئے ہیں، اس کانفرنس کا مقصد سمندری حدود کا تحفظ اور بحری تجارت کا فروغ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس کانفرنس میں بلیو اکانومی کے بارے میں اہم خطاب کیا۔