بھارتی فوج نے غلطی سے لائن آف کنٹرول عبور کرنے والے آزاد کشمیر کے 2 نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
آزاد کشمیر کی پولیس نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان میں رحیم ولد رفتاج اور رحیم ولد کریم تھے، یہ دونوں نوجوان دوست تھے، ان میں سے ایک کا تعلق ضلع کوٹلی کے سرحدی گاؤں سیری چتر اور دوسرے کا تعلق سرحدی گاؤں ججوٹ بہادر سے تھا۔ پولیس کے مطابق، شہید ہونے والوں میں سے ایک نوجوان شادی شدہ اور 2 بچوں کا باپ تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایک انٹرویو، جس نے بھارتی فوج کی ساری اکڑفوں نکال دی
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ آج کل گھاس کاٹنے کا موسم ہے، یہ دونوں نوجوان بھی سیری چتر میں لائن آف کنٹرول کے قریب گھاس کاٹ رہے تھے، اس دوران یہ غلطی سے لائن آف کنڑول عبور کرگئے اور بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے ان دونوں کو شہید کردیا۔ پولیس کے مطابق، دونوں نوجوان عام شہری اور غیرمسلح تھے، مقامی لوگوں نے بتایا کہ ان کے پاس صرف موبائل فون تھے۔
یہ بھی پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور ہلاکتوں کے بھارتی دعوؤں کا راز فاش
خیال رہے کہ کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول اس طرح ہے کہ یہ جاننا مشکل ہوتا ہے کہ کون سا علاقہ آزاد کشمیر کا ہے اور کون سا مقبوضہ کشمیر کا، یہی وجہ ہے کہ لوگ غلطی سے لائن آف کنٹرول عبور کرجاتے ہیں۔ ماضی میں ایسے بہت سے واقعات ہوئے جب دونوں جانب سے لوگوں نے غلطی سے لائن آف کنٹرول عبور کی۔ اگرچہ پاکستان نے ہمیشہ غلطی سے عبور کرنے والوں کو واپس بھیج دیا لیکن انڈین آرمی نے اکثر اوقات انہیں شہید یا گرفتار کیا۔