نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے چیمبر میں منعقدہ ایک ہنگامی اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، نوید قمر اورحکمراں اتحاد میں شامل دیگر قیادت نے شرکت کی، اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھی طلب کیا گیا تھا۔
اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز کو پی ٹی آئی ارکان کے لیے سب جیل بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، پی ٹی آئی ارکان کو فیصلے سے آگاہ بھی کردیا گیاہے، پی ٹی آئی کے تمام گرفتار ارکان قومی اسمبلی اسپیکر چیمبر میں موجود تھے، جنہیں اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے اسپیکر کی جانب سے پروڈکشن آرڈر پہلے ہی جاری کیا جاچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو بڑا ریلیف: اسلام آباد ہائیکورٹ نے گرفتار رہنماؤں کا جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دے دیا
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمنٹ لاجز کو سب جیل قرار دینے کی منظوری دیدی ہے، جس کے بعد تمام زیرحراست اراکین اسمبلی سے فارمز پر دستخط کروا لیے گئے ہیں، پی ٹی آئی کے زیرحراست اراکین کو آج ہی پارلیمنٹ لاجز منتقل کیے جانے کا امکان ہے کیونکہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے گرفتار تمام اراکین کے پروڈکشن آرڈر ابھی تک فعال ہیں، اس حوالے سے پولیس افسران کو بھی ہدایات موصول ہوگئی ہیں۔
اس ضمن میں قومی اسمبلی سیکریٹیریٹ کی جانب سے سیکریٹری داخلہ کو خط لکھ کر اسپیکر اسمبلی کی جانب سے گرفتار پی ٹی آئی کے 10 اراکین قومی اسمبلی کے لیے پارلیمنٹ لاجز کو سب جیل قرار دینے کے فیصلہ سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:قانون شکنی کا الزام: انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے 7 قائدین کا جسمانی ریمانڈ منظور
واضح رہے کہ آج صبح اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے ایک مختصر فیصلہ سناتے ہوئے تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی سمیت گرفتار رہنما شعیب شاہین کا انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے جسمانی ریمانڈ دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا تھا۔