امریکی ریاست ٹیکساس میں تیز رفتار گاڑی نے پاکستانی طالبہ کو ٹکر مار دی ہے، جس میں وہ شدید زخمی ہوگئی ہیں، جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمی ہونے والی طالبہ کی شناخت دانیہ ظہیر کے نام سے ہوئی ہے، جو اسٹوڈنٹ ویزے پر پاکستان سے امریکہ گئیں، اور نارتھ امریکن یونیورسٹی سے ماسٹرز کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں فیکٹ چیک: کرغزستان حملوں میں کوئی پاکستانی زخمی ہوا یا نہیں ؟
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دانیہ شاہ حصول علم کے لیے اکیلی امریکا میں مقیم تھیں، وہاں پر ان کی فیملی کا کوئی بھی فرد موجود نہیں۔
ٹریفک حادثے میں زخمی پاکستانی طالبہ نے میڈیا کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میرا مستقبل بہت روشن تھا، لیکن اب میں کچھ نہیں دیکھ سکتی۔
دانیہ شاہ کو حادثے کے دوران شدید چوٹیں آئی ہیں، جہاں ان کے جسم کی ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں، اور چہرے پر آنے والے زخموں کی وجہ سے انہیں دیکھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
’ڈرائیور نے ٹکر مارنے کے بعد یہ بھی نہیں دیکھا کہ میں زندہ بھی ہوں یا نہیں‘
انہوں نے کہاکہ پچھلے ہفتے جمعرات کو وہ رات کے وقت ایک گلی سے جارہی تھیں، جہاں تیز رفتار کار نے ان کو ٹکر مار دی۔ پھر اس کے بعد کا انہیں کچھ معلوم نہیں۔
دانیہ نے کہاکہ ڈرائیور مجھے ٹکر مارنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا، اور اتنا بھی نہیں دیکھا کہ جسے ٹکر لگی ہے وہ زندہ بھی ہے یا نہیں۔
پولیس کا موقف ہے کہ طالبہ کو گاڑی سے ٹکر مارنے والا مرد ڈرائیور تھا جو موقع سے فرار ہوگیا۔ تاہم ویڈیو کی تلاش ہے جس کی مدد سے ملزم کی تلاش ممکن ہوسکتی ہے۔
دانیہ کے جسم کی درجنوں ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں، ڈاکٹرز
دوسری جانب ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دانیہ کے جسم کی درجنوں ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں، جبکہ پھیپھڑوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دانیہ نے کہا ہے کہ اب میری زندگی ختم ہوگئی، مجھے زندہ رہنے کا مقصد سمجھ نہیں آرہا۔
انہوں نے کہاکہ ان کے والدین کے پاس اتنی رقم نہیں کہ وہ امریکا آسکیں، مجھے نہیں معلوم کہ اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد کون میرے ساتھ ہوگا۔
پاکستانی طالبہ کے اہلخانہ کی ہیوسٹن جانے کے لیے ہرممکن مدد کریں گے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار
ادھر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا میں زخمی ہونے والی پاکستانی طالبہ کے اہلخانہ کی ہیوسٹن جانے کے لیے ہرممکن مدد کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں سینیٹر اسحاق ڈار کی بشکیک میں زخمی پاکستانی طلبا سے ملاقات
اسحاق ڈار کی ہدایت پر پاکستانی قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے زخمی ہونے والی طالبہ کی عیادت کی ہے۔
نائب وزیراعظم نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکساس میں پاکستانی قونصل جنرل کو ہدایت کی ہے کہ زخمی ہونے والی پاکستانی طالبہ کی ہرممکن مدد کی جائے۔