حکومت پنجاب نے جھنگ میں تاریخی اہمیت کے حامل گردوارہ سری نانک سر صاحب کی بحالی کے کام کا آغاز کردیا۔
گردوارہ نانک سر کو مین ٹوبہ ٹیک سنگھ روڈ سے ملانے والے کچے راستے پر پختہ سڑک بھی تعمیر کی جائے گی جبکہ مین جھنگ ٹوبہ ٹیک سنگھ روڈ پر آثار قدیمہ نانک سر کا بورڈ بھی نصب کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی سکھ نے ’گردوارہ نانک سر‘ کی بحالی کی اپیل کر دی
یاد رہے کہ وی نیوز کی ایک رپورٹ میں شامل ایک بھارتی سکھ پروفیسر کی گردوارہ نانک سر کی بحالی کی اپیل رنگ لے آئی اور حکومت پنجاب فوری نوٹس لیتے ہوئے احسن اقدامات شروع کردیے۔
وی نیوز ٹیم نے جھنگ میں تاریخی اہمیت کے حامل گردوارہ نانک سر کو آباد کرنے اور سنہ 1947 تک وہیں رہنے والے خاندان کے ایک فرد پروفیسر سربجیت سنگھ سکہ کو تلاش کیا اور ان کا انٹرویو شائع کیا تھا۔ وہ انڈین پنجاب کے شہر لدھیانہ کے رہائشی ہیں۔
پروفیسر سربجیت سنگھ نے اس جگہ کی سکھ برادری کے لیے تاریخی اہمیت کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے وی نیوز کے توسط سے حکومت پنجاب سے گردوارہ نانک سر کی بحالی کی اپیل کی تھی۔
اس پر حکومت پنجاب نے گردوارہ نانک سر کی اصل حالت میں بحالی کے لیے کام شروع کردیا ہے۔
گردوارہ جلد کھول دیا جائے گا، صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا
صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا نے وی نیوز سے خصوسی گفتگو میں کہا کہ گردوارہ نانک سر کی اپنی تاریخی اہمیت ہے تاہم یہ ایک طویل عرصے سے بند تھا۔
یہ بھی پڑھیے: فیصل آباد کا 100 سال پرانا گردوارہ جسے مسلمانوں نے آباد کیا
ان کا کہنا تھا کہ گردوارے کی عمارت بہت خوبصورت ہے لیکن جس قدر خوبصورت آرکیٹیکچر ہے وہ اسی بری طرح سے تباہ ہورہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس پر کام شروع کردیا ہے اور یہ بہت جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔
رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ نہ صرف پاکستان کی سنگت کے لیے بلکہ دنیا بھر کی سنگت جو وزٹ کرنا چاہے گی وہ یہاں آسکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گردوارہ نانک سر کے باہر ہم نانک سر باغ بنانے جارہے ہیں اور اسی طرح گردوارے کی بلڈنگ کو اس کی اصل حالت میں بحال کررہے ہیں تاکہ سنگت وہاں جائے اور ان کی جو بھی مریادہ و منت ہو وہ مانگ سکے۔
متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ڈپٹی کمشنر محمد عمیر
وی نیوز سے خصوسی گفتگو میں ڈپٹی کمشنر جھنگ محمد عمیرکا کہنا تھا کہ اس تاریخی اہمیت کے حامل گردوارہ نانک سر کی بحالی کا کام شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سٹرک کی تعمیر کی جارہی ہے تاکہ اس تک رسائی آسان ہوسکے۔
مزید پڑھیں: بھارتی سکھ یاتری حکومت پاکستان کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ مقامی افراد کے ساتھ مل کر تالاب کو بھی تبدیل کیا جارہا ہے جس کا کام اگلے 2 ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گردوارے کی بحالی کا کام متعلقہ ادارے کررہے ہیں اور ہم ان کے ساتھ کوآرڈنیشن میں ہیں۔
ڈی سی جھنگ نے کہا یہ ہماری کوشش ہے کہ گردوارہ نانک سر کو جلد سے جلد کھول دیا جائے گا تاکہ پوری دنیا سے سکھ برادری مذہبی تاریخی اہمیت کے حامل گردوارے آسکیں۔
بھارت کے پروفیسر سربجیت سنگھ کا مریم نواز و دیگر سے اظہار تشکر
دریں اثنا سکہ خاندان کی 7ویں پشت سےانڈین پنجاب کے شہر لدھیانہ کے رہائشی پروفیسر سربجیت سنگھ سکہ نے وی نیوز کے توسط سے بحالی کے اقدامات پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف، صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ اور پاکستان حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ نانک سرسکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے تاریخی اہمیت رکھتی ہے۔
’یہاں گرو نانک دیو جی نے مکہ مدینہ جاتے وقت قیام کیا تھا‘
پروفیسر سربجیت سنگھ نے کہا کہ ان کے آباؤ اجداد نے نانک سر کو آباد کیا تھا اور سنہ 1947 تک یہیں رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں گرونانک دیو جی نے مکہ اور مدینہ جاتے اور آتے ہوئے ایک ایک ماہ سے زیادہ قیام کیا۔