پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر متنازع پوسٹ کرنے پر عمران خان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں دھمکی آمیز پوسٹ: ایف آئی اے کا عمران خان سے پوچھ گچھ کا فیصلہ
ذرائع نے بتایا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف ’ایکس‘ اکاؤنٹ کے ذریعے بغاوت پر اکسانے کے الزام میں ایف آئی اے نے عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ نمبر 1138/24 آج درج کیا گیا، سائبر کرائم کی 4 رکنی ٹیم آج شام 7 بج کر 45 منٹ پر اڈیالہ جیل پوچھ گچھ کے لیے پہنچی تھی۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا، تاہم وکلا سے مشاورت کا بہانہ بنا کر انہوں نے تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کردیا۔
یہ بھی پڑھیں جیل سے باہر آکر تمہیں اور چیئرمین نیب کو نہیں چھوڑوں گا، عمران خان کی نیب تفتیشی آفیسر کو دھمکی
ذرائع کے مطابق 4 رکنی تفتیشی ٹیم ہفتے کی صبح دوبارہ تفتیش کے لیے اڈیالہ جیل جائے گی، تفتیشی ٹیم عمران خان سے بغاوت کے پیغامات اور انہیں آگے پھیلانے میں ملوث ساتھیوں کے حوالے سے پوچھ گچھ بھی کرے گی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے متنازع پوسٹ شیئر ہوئی تھی جس کے بعد ایف آئی اے کی ٹیم ان سے تحقیقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا اڈیالہ جیل سے پاکستانی قوم کے نام پیغام:
1-
ملکی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ فرد واحد اپنی طاقت بچانے کے لیے پورے ملک کو داؤ پر لگا دے۔ یحیی خان نے بھی اپنی طاقت بچانے کے لئے عوامی لیگ اور شیخ مجیب الرحمن کو دھوکہ دیا تھا۔ حمود الرحمان کمیشن…
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) September 12, 2024
یہاں یہ بھی یاد رہے کہ عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے متنازع پوسٹس شیئر کرنے کا معاملہ کوئی پہلی بار سامنے نہیں، ان کے اکاؤنٹ سے اس سے قبل بھی ایسی پوسٹیں شیئر ہوتی رہی ہیں۔