سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹائیگر اور جنگلی سانڈ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک عظیم الجثہ جنگلی سانڈ ٹائیگر کو دھول چٹا کر،بچ نکلنے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ اور بے چارہ ٹائیگر بے بسی سے دیکھتا ہی رہ جاتا ہے۔
شیر ہو، ٹائیگر ہو یا پھر چیتا، اپنے شکار کے پیچھے اس قدر تیز رفتاری سے دوڑتا ہے کہ شکار کا بچ نکلنا ناممکن ہی ہوتا ہے۔
تاہم ٹوئٹر پر ایک ایسی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک ٹائیگر کو جنگلی سانڈ کے پیچھے بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے لیکن جنگلی سانڈ ٹائیگر کا شکار نہیں بن پاتا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جنگلی سانڈ قد کے لحاظ سے ٹائیگر سے بڑا ہے اور وزن بھی ٹائیگر کی نسبت زیادہ ہی ہے۔
بھاری بھرکم جسم کے ساتھ ٹائیگر جیسی چستی رکھنا ناممکن ہے لیکن اس جنگلی سانڈ نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔
#WATCH: Tiger chases Indian gaur, netizens stunned by the viral video#Tiger #IndianGaur #Gaur #Trending #TrendingNow #Wildlife pic.twitter.com/xURQiWI6Gj
— HT City (@htcity) April 4, 2023
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنگلی سانڈ جنگل میں غالباً گھاس چر رہا ہوتا ہے،اچانک ٹائیگر اس پر حملہ کرنے کے لیے آگے بڑھتا ہے۔
لیکن جنگلی سانڈ کو جیسے ہی لگتا ہے کہ ٹائیگر اس پر حملہ آور ہونے والا ہے تو وہ وہاں سے بھاگ نکلتا ہے۔
ٹائیگر کی چستی اور ہمت دونوں ہی جواب دے جاتی ہیں، جنگلی سانڈ ٹائیگر کی نسبت اس قدر تیز دوڑتا ہے کہ آخر میں ٹائیگر پیچھے کھڑا ہوکر جنگلی سانڈ کو جاتے ہوئے انتہائی مایوس کن انداز میں تکتا رہ جاتا ہے۔