آئینی ترمیم: کابینہ کے بعد سینیٹ کا اجلاس بھی ملتوی

پیر 16 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت نے آئینی ترامیم کی منظوری کے معاملے پر وفاقی کابینہ کے بعد آج ہونے والا سینیٹ اجلاس بھی ملتوی کردیا ہے۔ تاہم قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوچکا ہے۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس میں آئین میں ہونے والی 26ویں مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے مسودہ پیش کیا جانا تھا۔ وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس کی تاریخ اور وقت ابھی مقرر نہیں ہوئی۔ دوسری جانب قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آج ساڑھے 12 بجے منعقد ہونا تھے، تاہم سینیٹ کا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ شب (اتوار) رات گئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں آئینی ترامیم کے بل پر مشاورت کے بعد سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج (پیر) دن ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کیے گئے تھے۔ سینیٹ و قومی اسمبلی اجلاسوں کا ایجنڈا آج جاری کیا گیا تھا، لیکن ان میں آئینی ترامیم شامل نہیں تھیں۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے سیکریٹری جنرل طاہر حسین کی جانب سے جاری کردہ 3 نکاتی ایجنڈے میں تلاوت، حدیث، نعت اور قومی ترانہ کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی عطائے شہریت ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کریں گے۔ پھر وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ پارلیمنٹ سے خطاب پر صدر سے اظہار تشکر کی تحریک پیش کریں گے۔


سینیٹ اجلاس کے 6 نکاتی ایجنڈے میں تلاوت، حدیث، نعت اور قومی ترانہ کے بعد سینیٹر انوشہ رحمان کی جانب سے 5 متفرق بل جبکہ سینیٹر عطا الرحمان کی جانب سے 7 ستمبر 1974 کے حوالے سے ایک تحریک پیش جانی تھی۔ واضح رہے کہ سینیٹ و قومی اسمبلی اجلاسوں کے ایجنڈے میں آئینی ترامیم شامل نہیں تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp