بلوچستان کے وزیر بلدیات سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی علالت کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔ وہ انتخابات 2024 میں پی بی 8 سبی سے پاکستان پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
ان کے خاندانی ذرائع کے مطابق، مرحوم پھیپڑوں اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور کچھ عرصہ سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق، سرفراز چاکر ڈومکی کا انتقال آج صبح ہوا، ان کی میت آج کراچی سے بلوچستان کے علاقے لہڑی منتقل کی جائے گی جہاں ان کی تدفین ان کے آبائی قبرستان میں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کابینہ میں تبدیلیوں کا امکان، کیا وزیراعلیٰ وزرا کی کارکردگی سے خوش نہیں؟
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی وزیر بلدیات سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی ایک زیرک اور معتبر سیاست دان اور قبائلی شخصیت تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مرحوم نے بلوچستان کے سیاسی اور قبائلی نظام میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا، سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی موجودہ بلوچستان کابینہ کے متحرک رکن تھے ان کے انتقال سے گہرا صدمہ پہنچا، غم اور دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی کون تھے؟
سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی کی پیدائش 12 اگست 1969ء میں بلوچستان کے علاقے لہڑی میں ہوئی۔ وہ بلوچوں کے معتبر قبیلے ڈومکی کے سردار تھے۔ سرفراز چاکر ڈومکی نے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں کامیابی حاصل کی اور 1988ء سے 2010ء تک بطور اسسٹنٹ کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اپنے فرائض سرانجام دیے۔
یہ بھی پڑھیں: سردار اختر مینگل کا استعفیٰ: کیا بلوچستان کی سیاسی شخصیات پارلیمانی سیاست سے بیزار ہوگئیں؟
سرفراز چاکر ڈومکی نے 2013ء میں پہلی بار پاکستان مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیا اور پی بی 27 سبی سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔ انہوں نے 2018ء میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے انتخاب میں حصہ لیا اور اپنے آبائی علاقے سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔
30 اگست 2018ء کو انہیں ثقافت و سیاحت کا محکمہ دیا گیا تاہم اسی برس 8 ستمبر کو انہیں محکمہ افرادی قوت کا قلم دان سونپا گیا۔ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی رواں برس عام انتخابات میں میں پی بی 8 سبی سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، وہ صوبائی کابینہ میں بلدیات و دیہی ترقی کے وزیر کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔