ساس اور بہو کی صدیوں پرانی اور کبھی نہ ختم ہونے والی جنگ اور بہوؤں پر بے جا ظلم جیسی روایتی کہانی بیان کرتا ڈراما سیریل ’نور جہاں‘ اپنے اختتام کو پہنچ گیا جو ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
منفرد کہانی اور سپر ہٹ اسٹار کاسٹ کی بدولت صارفین کی جانب سے کافی تعریفیں اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔ ڈارمے کی کہانی ایک ساس اور اس کی تین بہوؤں کے گرد گھومتی تھی، ڈرامے میں نسب و دولت کا فخر اور خاندانی سرد جنگ بھی موجود ہے جو روز ازل سے جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صبا حمید کے نئے ڈرامے ’نور جہاں‘ پر تنقید کیوں ہورہی ہے؟
عام گھرانوں کی کہانی پر مبنی اس ڈرامے کو خصوصی طور پر جہاں خواتین بے حد سراہتی نظر آرہی ہیں وہیں کئی نامور ستاروں پر مبنی اس کاسٹ میں ایک نیا چہرہ سفینہ نامی کردار بھی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور ڈرامے کے حوالے سے مختلف موضوعات پر بات کی جن پر ہمارے معاشرے میں عام طور پر توجہ نہیں دی جاتی۔
سفینہ کا کردار نبھانے والی اداکارہ علینہ عباس شاہ نے بتایا کہ کس طرح نور جہاں صرف ایک عام ساس بہو شو نہیں تھا بلکہ اس میں بہت سی باریکیاں تھیں جنہوں نے سب کے دلوں کو چھو لیا اور یہ بہت سی خواتین کی آواز بن گئی جو بہت سی ایسی باتیں کہنا چاہتی ہیں جو سفینہ کا کردار نبھاتی ادارہ اسکرین پر اپنے ساتھی اداکاروں سے کہہ رہی تھیں یا پھر آئینے سے۔
علینہ نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے سفینہ کے کردار سے بہت کچھ سیکھا، انہوں نے سیکھا کہ خواتین کو کس طرح دوست اور معاون ہونا چاہیے اور انہیں ایک دوسرے کے خلاف نہیں کھڑا ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا یہ وہ سبق ہے جو سفینہ سے سیکھا ہے اور وہ چاہیں گی کہ دوسرے بھی سیکھیں۔
پوڈ کاسٹ میں دراز قد ہونے سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کا قد 6 فٹ ہے اور وہ اس سوال کا جوب دیتے دیتے تھک چکی ہیں۔ گیلری میں موجود تصاویر میں سے اپنے پسندیدہ آرٹ ورک کے بارے ممیں بات کرتے ہوئے انہوں نے ایک تصویر کی جانب اشارہ کیا جس میں برقعہ میں تین خواتین موجود ہوتی ہیں۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’سب ڈھکا چھپا ہو تو جاننے کا تجسس ہوتا ہے‘۔
اداکارہ علینہ عباس شاہ ’نور جہاں‘ ڈرامے میں سفینہ کا کردار نبھاتی نظر آئیں اس قبل وہ ’کچھ ان کہی’ اور’ 22 قدم’ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔ نور جہاں کی دیگر کاسٹ میں صبا حمید، کبریٰ خان، حاجرہ یامین، علی رحمان، نور حسن، زویا ناصر، علی رضا، یوسف بشیر قریشی، محمود اسلم ودیگر شامل تھے۔