امریکی محققین کے ایک گروپ کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال ہونے والی پانی کی بوتلوں میں کمپیوٹر ماؤس سے 4 گنا زیادہ اور ٹوائلٹ سیٹ سے 40،000گنا زیادہ
بیکٹیریاز ہو سکتے ہیں۔
سکول جانے والے بچے ہوں یا دفتر جانے والے افراد تقریباً سب ہی اپنے ساتھ پانی کی چھوٹی بوتلیں ضرور رکھتے ہیں تا کہ اپنے جسم کو ہائیڈریٹ رکھ سکیں لیکن اکثر اوقات پانی کی ان چھوٹی بوتلوں میں مشروب بھی بھر لیا جاتا ہے جن کی بو بوتلوں میں باقی رہ جاتی ہے۔
بوتلوں سے آنے والی بو بوتل میں بیکٹیریا کی موجودگی کی علامت ہے۔ اس بو کی وجہ اس کے ساتھ انسانی لعاب دہن کا لگا ہونا یا بوتل کو صحیح طرح سے صاف نہ کرنا ہے جس وجہ سے بوتل میں بیکٹیریاز کی افزائش ہو سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پانی کی بوتلوں کو دن میں کم از کم ایک مرتبہ ضرور صاف کرنا چاہیے۔ صفائی کرتے ہوئے مندرجہ ذیل اشیا استعمال بوتلوں کی بو کو دور کرسکتا ہے۔
1۔بیکنگ سوڈا
بیکنگ سوڈا سخت داغوں سے لے کر بو تک کو آسانی سے ختم کر سکتا ہے۔ اپنی پانی کی بوتل میں بس ایک چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا لیں اور پانی سے بھر دیں۔ اسے اچھی طرح ہلائیں اور رات بھر کے لیے اسی طرح چھوڑ دیں۔ صبح اچھی طرح سے پانی سے دھو لیں۔
2۔سرکہ
بوتل سے بو کو ختم کرنے کے لئے سرکہ بھی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ سرکہ کو پانی کی بوتل میں (بوتل کے ایک ڈھکن کے برابر) تھوڑی مقدار میں ڈالیں اور اس میں تھوڑا پانی شامل کر دیں اور تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں۔ تھوڑی دیر بعد بوتل کو پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔
3۔لیموں کا رس
لیموں کا رس بھی ایک اچھا کلینرثابت ہو سکتا ہے۔ چند لیموؤں کا رس بوتل میں نچوڑ لیں اور تھوڑا سا پانی ڈالیں۔ تھوڑی دیر بعد بوتل کو اچھی طرح ہلا کر پانی سے دھو لیں۔
4۔ چائے کی پتی
پانی کی بوتل سے چکنائی اور بو ختم کرنے کے لیے چائے کی بچ جانے والی پتی کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ چائے کی پتی قدرتی طور پر بو کو ختم کرنے میں مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔
اپنی پانی کی بوتل میں بس ایک ٹی بیگ رات بھر کے لیے ڈال دیں، صبح بوتل کو پانی سے دھو لیں آپ کی بوتل میں سے بو ختم ہو جائے گی۔
5۔صابن اور پانی
اگر آپ کے پاس مذکورہ بالا اشیا میں سے کچھ نہیں تو آپ صابن اور پانی کا بھی استعمال کر کے بوتل کو دھو سکتے ہیں۔
صابن اور پانی آپ کی بوتل میں سے تمام اضافی بیکٹیریاز کو ختم کر دے گا۔ بوتل میں تھوڑا سا پانی اور برتن دھونے والا صابن ڈالیں اور بوتل کو اچھے سے ہلا لیں آپ کی بوتل سے بو ختم ہو جائے گی۔
















