وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج معاشرے میں تقسیم، گالم گلوچ اور انتہا پسندانہ رویے لمحہ فکریہ ہیں، ہمیں نبی کریمﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگی بسر کرنا ہوگی، مسلمان معاشرے میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ شرط اول ہے۔
جشن عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں تعلیمات نبویﷺ کی روشنی میں منفی رویوں کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جشن عید میلادالنبیﷺ کی مبارک باد
انہوں نے کہاکہ عظیم ہستی کی ولادت پوری کائنات کو بدلنے کا دن تھا، نبی کریمﷺ کی تشریف آوری انسانیت پر بے پناہ فضل و کرم ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ نبی کریمﷺ دشمنوں سے بھی نہایت اخلاق سے پیش آتے تھے، آپﷺ کے اخلاق، ایمانداری اور سچائی کی گواہی دشمن بھی دیتے تھے۔
شہباز شریف نے کہاکہ نبی کریمﷺ کی دنیا میں تشریف آوری کے بعد لوگوں کو ہدایت نصیب ہوئی، جو لوگ خون بہانے پر فخر محسوس کیا کرتے تھے، وہ اللہ کی یاد میں آنسو بہانے والے بن گئے۔
انہوں نے کہاکہ نبی کریمﷺ نے یتیموں، بزرگوں سے حسن اخلاق کے اعلیٰ معیار سکھائے، آپﷺ کے اخلاق کی گواہی قرآن دیتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج کے مبارک دن پر ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ تعلیمات نبویﷺ کی روشنی میں مفی رویوں کا خاتمہ کرنے میں اپنا اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے کہاکہ اسلام کی بہترین تبلیغ یہی کہ ہمارا ہر عمل نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ہو۔
یہ بھی پڑھیں 12 ربیع الاول کے موقع پر اسلام آباد پولیس کے سیکیورٹی انتظامات کیا ہیں؟
انہوں نے مزید کہاکہ آج فلسطین اور مقبوضہ کشمیر عوام آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، وہ دن ضرور آئے گا جب وہاں کے عوام آزاد فضا میں سانس لیں گے۔