وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم ضرور ہوگی، اور اس کا مقصد اداروں میں طاقت کا توازن لانا ہے، عمران خان نے اتنے گل کھلائے ہیں کہ ان کے لیے آئینی ترمیم کی ضرورت نہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے بھی آئینی ترمیم کے لیے دسمبر تک کا وقت مانگا ہے، ججز کی تقرری کا سارا معاملہ جوڈیشری کے پاس ہے، ایک ایک چیمبر سے پانچ پانچ وکیل جج ہیں۔
یہ بھی پڑھیں آئینی ترمیم کے لیے نمبر پورے ہوں گے، خواجہ محمد آصف
خواجہ آصف نے کہاکہ ججز کو بھاری تنخواہیں اور مراعات ملتی ہیں، مگر احتساب صرف سیاستدانوں کا ہی ہوتا ہے، جبکہ دوسری طرف 27 لاکھ کیس عدالتوں میں پڑے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آئینی ترمیم سے متعلق مسودے کو راز میں نہیں رکھا گیا، یہ پبلک ڈاکومنٹ ہے کوئی سیکرٹ نہیں۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان اپنے آپ کو ہر چیز کا محور سمجھتے ہیں، چار سال میں بانی پی ٹی آئی نے جو گل کھلائے ان پر نظر دوڑائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں آئینی ترمیم کے لیے مولانا فضل الرحمان کی حمایت نہیں ملی، خواجہ آصف
وزیر دفاع نے کہاکہ 9 مئی کو ملک میں بغاوت کی کوشش کی گئی، 9 مئی کے واقعے میں فوج کے اندر سے بھی لوگ شامل تھے، جو جنرل فیض کے ساتھ ملے ہوئے تھے۔