پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ آئینی عدالت سے متعلق ہم اپنا ڈرافٹ تیار کررہے ہیں، کوشش ہوگی کہ پیپلزپارٹی اور جے یو آئی آئینی ترمیم کے مشترکہ ڈرافٹ پر اتفاق کرلیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم اپنا ڈرافٹ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ شیئر کریں گے، جبکہ وہ اپنے طور پر بھی ڈرافٹ کی تیاری کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں آئینی ترمیم، شہباز شریف اور بلاول بھٹو کا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے پر اتفاق
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ 26 ویں آئینی ترمیم سے متعلق میڈیا میں زیرگردش ڈرافٹ اصلی نہیں۔
انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی پاکستان پیپلزپارٹی اور جمعیت علما اسلام نے مل کر قانون سازی کی، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اتفاق کے بعد ہی ہم آئینی ترمیم کی پوزیشن میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ حکومت اتوار 15 ستمبر کے روز آئینی ترمیم منظور کرانا چاہتی تھی، مگر نمبر پورے نہ ہونے کے باعث قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس ملتوی کردیے گئے تھے۔
حکومت کا موقف ہے کہ اب دو ہفتوں بعد آئینی ترمیم کو منظور کرایا جائےگا، تاہم دوسری جانب پی ٹی آئی نے حکومت کو ناکام بنانے کے لیے کمر کس لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں مجوزہ آئینی ترامیم، مولانا فضل الرحمان اہمیت اختیار کرگئے، عارف علوی کی اہم ملاقات
اس ساری صورت حال میں مولانا فضل الرحمان اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔ اور اسی وجہ سے حکومتی و اپوزیشن ارکان تواتر کے ساتھ ان سے ملاقاتیں کررہے ہیں، اور حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔