وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ایسی کوئی بات نہیں کہ افغان قونصل جنرل نے پاکستان کے قومی ترانے کا احترام نہیں کیا۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کے دوران وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افغان قونصل جنرل نے گزشتہ روز پیش آنے والے معاملے پر اپنا موقف دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں پشاور: افغان قونصل جنرل نے سفارتی آداب کی دھجیاں اڑا دیں، قومی ترانے کے دوران کھڑے نہ ہوئے
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ افغان قونصلیٹ نے کہہ دیا ہے کہ پاکستانی ترانے میں میوزک کی وجہ سے وہ کھڑے نہیں ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں ایک تقریب کے دوران افغان قونصل جنرل قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہیں ہوئے تھے، اور ان کے ساتھی بھی سیٹ پر براجمان رہے۔
بعد ازاں افغان قونصلیٹ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومی ترانے میں میوزک کی وجہ سے قونصل جنرل کھڑے نہیں ہوئے، ایسا نہیں کہ وہ پاکستانی ترانے کا احترام نہیں کرتے۔ تاہم دفتر خارجہ نے افغان ناظم الامور کو طلب کرکے اس پر شدید احتجاج کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں افغان قونصل جنرل کی قومی ترانے کی بے احترامی، ناظم الامور دفتر خارجہ طلب
سوشل میڈیا پر اس واقعے کے بعد صارفین شدید ردعمل کا اظہار کررہے ہیں، اور افغان حکام سے سوال کیا جارہا ہے کہ بھارت اور ایران سمیت دیگر ممالک کے ترانوں کا احترام کرنا اگر درست ہے، تو پاکستان کے ترانے میں میوزک پر اعتراض کیوں کیا گیا۔