سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے کو گھر جانا ہوگا : پرویز الٰہی

بدھ 5 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے کو گھر جانا ہوگا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان ، سابق صوبائی وزراء سردار آصف نکئی ، محمد ہاشم ڈوگر اور فیاض چوہان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے واضح فیصلے نے الیکشن کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر دی ہیں۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ کابینہ کی مجال نہیں کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدر آمد کی راہ میں رکاوٹ بن سکے اور پارلیمنٹ میں اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کو زیر بحث نہیں لایا جاسکتا ۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ججوں پر ہونے والے حملے آئین کی کھلی خلاف ورزی ہیں ۔ عدلیہ کے پَر کاٹنے والوں کے اپنے پَر کٹ چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اب لندن میں بیٹھ کر اپنے زخم ہی چاٹتے رہیں گے ۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی نے عدلیہ کے خلاف بل پر دستخط نہ کرکے دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے اور شہبازشریف کو صدر سے تکلیف یہ ہے کہ ان کو غیر آئینی کاموں پر ٹوکتے اور روکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے خلاف حکومت کا ہر غیر آئینی بل جلد اپنی موت آپ مر جائے گا ۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ پرانے اتحادیوں کے ساتھ بات چیت آگے بڑھ رہی ہے اور جلد خوشخبری دیں گے کیوں کہ وہ بھی تسلیم کرتے ہیں اور ہم بھی تسلیم کرتے ہیں دونوں اطراف سے غلطیاں ہوئیں۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے عدلیہ کے خلاف پی ڈی ایم کی سازشوں کا حصہ نہیں بنیں گی ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp